رسائی کے لنکس

مشرقی ساحلی علاقے میں یخ بستہ ہوائیں، چار افراد ہلاک


منگل کو ملک بھر میں تقریبا ً 1400 پروازیں منسوخ ہوئیں، جب کہ سب سے زیادہ متاثر ہوائی اڈے نارتھ کیرولینا، ٹنیسی اور واشنگٹن کے تھے۔ شمالی ورجینا میں ریل سروس بند کردی گئی اور صبح تک کے لیے واشنگٹن کی بس سروس بند رہی

موسم سرما کے طوفان، باد و باراں اور شدید برف باری کے نتیجے میں، منگل کو امریکہ کے مشرقی ساحلی علاقے کے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے؛ عام سفر سست روی کا شکار ہے، جب کہ واشنگٹن کے وفاقی دفاتر بند رہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے اس ہفتے کے دوران مزید قطبی یخ بستہ ہوائیں چلنے اور سردی کی صورت حال میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔

'رائٹرز' کی ایک خبر کے مطابق، منگل کو آنے والے طوفان کے بعد، نیو انگلینڈ سے کیرولینا تک برف باری ہوئی، جس سے قبل وسط مغرب اور اوہائیو کی وادی میں برفاقی طوفان کے باعث مشکلات میں اضافہ ہوا۔

'نیشنل ویدر سروس' کے مطابق، نیو یارک کے سرانک کی جھیل کے علاقے میں درجہ حرارت منفی 30 فئرنہائیٹ (منفی 34 سیلشئس) تک پہنچ گیا۔

نارتھ کیرولینا، ورجینا، مسی سیپی، جورجیا، کینٹکی، ٹنیسی اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا گیا ہے۔ واشنگٹن میں پانچ انچ (13سینٹی میٹر) برف پڑنے کے بعد، وفاقی حکومت کے دفاتر بند کردیے گئے جب کہ نارتھ کیرولینا کے زیادہ تر علاقے میں اسکول بند رہے۔

نارتھ کیرولینا کے گورنر، پیٹ مک کوری نے مکینوں پر زور دیا ہے کہ وہ برف سے ڈھکی سڑکوں سے دور رہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ، 'ریاست کی ہرٹ فورڈ کائونٹی میں پیر کی رات گئے ہونے والے سڑک کے ایک حادثے میں، ایک 19 برس کی خاتون ہلاک ہوگئیں'۔

ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، مک کوری نے بتایا کہ کافی دیر تک جاری رہنے والی درجہ حرارت میں کمی کے باعث، جس طرح کا موسم اس علاقے میں کم ہی ہوتا ہے،'بلیک آئس' جم چکی ہے، جس کے باعث کئی دنوں تک سڑکیں سفر کے لیے خطرناک بن چکی ہیں۔

ٹنیسی کے حکام نے بتایا ہے کہ خراب موسم کے نتیجے میں ہائی وے پر حادثات ہونے سے کم از کم تین اموات واقع ہوئی ہیں۔ نشویل کے مغرب میں انٹراسٹیٹ 40 پر برف جم جانے سے گاڑیاں پھنس کر رہ گئی ہیں، اور پولیس رات بھر 12 میل (19 کلومیٹر) کے علاقے کو صاف کرانے کی کوشش کرتی رہی۔

منگل کو ملک بھر میں تقریبا ً 1400 پروازیں منسوخ ہوئیں، جب کہ سب سے زیادہ متاثر ہوائی اڈے نارتھ کیرولینا، ٹنیسی اور واشنگٹن کے تھے۔ شمالی ورجینا میں ریل سروس بند کردی گئی اور صبح تک کے لیے واشنگٹن کی بس سروس بند رہی۔ واشنگٹن میں برف ہٹانے کا کام کرنے والے ایک 35 برس کے ٹرک ڈرئیور ، کیلون ٹیلر، جنھوں نے تین بجے صبح 12 گھنٹوں کی شفٹ سنبھالی، بتایا کہ 'شروع میں، موسم خراب تھا۔ لیکن، لگتا ہے کہ ، 'موسم کچھ گرمی مائل ہے، اس لیے صفائی کا کام تیزی سے ہونے لگا ہےٗ۔

ورجینیا کے دارالحکومت، رچمنڈ کے قریب 11 انچ (28 سینٹی میٹر) برف باری ہوئی؛ جہاں سے ریاستی پولیس نے اطلاع دی ہے کہ گذشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سڑک کے 825 حادثات ہوئے۔ گاڑیاں ٹکرا جانے کے نتیجے میں دو فوجیوں کے زخم آئے۔

ریاست کے اہل کاروں اور ڈیوک انرجی کی اطلاع کے مطابق، ٹنیسی اور کیرولینا میں کم از کم 150000 افراد کو بجلی کی رسد معطل رہی۔

بتایا جاتا ہے کہ موسم کا ایک اور سلسلہ زور پکڑ رہا ہے اور پیش گوئی کی گئی ہے کہ گریٹ لیکس اور ناردرن گریٹ پلئینس میں؛ اور باقی مشرقی ساحلی علاقے پر جمعے تک، پھر برف باری ہوگی۔ یہ بات میری لینڈ کے شہر، کالج پارک میں واقع 'نیشنل ویدر سروس' کے ایک اہل کار، بوب اراویک نے بتائی۔

بحر اوقیانوس سے ملنے والی وسطی امریکی ریاستوں میں جمعے کو درجہ حرارت بہت گر جائے گا، جو 1919ء کے وسط کے دروان واقع ہوا تھا، یعنی منفی 30 ڈگری فئرہنائٹ (17 ڈگری سیلشئس)۔

XS
SM
MD
LG