رسائی کے لنکس

ساتویں دفاعی ہتھیاروں کی نمائش، سیکورٹی کے سخت انتظامات


دفاعی ہتھیاروں کی نمائش
دفاعی ہتھیاروں کی نمائش

غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر کراچی کے ایکسپو سینٹر کے اندرونی اور بیرونی اطراف سخت سیکورٹی نصب کی گئی ہے: آئی جی سندھ پولیس

کراچی میں’ آئیڈیاز2012ء‘ نامی بین الاقوامی دفاعی ہتھیاروں کی نمائش کے لئے سخت سیکیورٹی انتظامات کیےگئے ہیں، جو سات نومبر سے 11نومبر تک جاری رہے گی۔

انسپیکٹر جنرل سندھ ، فیاض لغاری نے بتایا ہے کہ سیکورٹی پلان کے سلسلے میں ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر کراچی کے ایکسپو سینٹر کے اندرونی اور بیرونی اطراف سخت سیکورٹی نصب کی گئی ہے۔ بیرون ممالک سے آنیوالے وفود کے لئے نجی ہوٹلوں اور ایکسپو سینٹر سے ملحقہ راستوں پر اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے ۔

کراچی شہر کی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری پلان کے مطابق ہیوی لوڈنگ، کمرشل اور پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے متبادل راستوں کو روڈ میپ بنادیاگیا ہے، جِس کے نتیجے میں ایکسپو سینٹر جانے والے روڈ پر عام گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

ایکسپو سینٹر کراچی میں کموڈور صدیق اکبر نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ آئیڈیاز 2012 ء نمائش میں پاکستان سمیت 80 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں اپنی مصنوعات کے اسٹال لگا رہی ہیں۔

نمائش میں غیر ملکی سفارتکاروں اور خصوصی نمائندوں سمیت 24 ممالک کی اعلیٰ ترین شخصیات پاکستان آئی ہیں جن میں عسکری سربراہ بھی شامل ہیں۔ساتویں آئیڈیاز 2012ء میں 88کٹیگریز کی مصنوعات نمائش کے لئے رکھی جائینگی۔

’ آرمز فار پیس‘ کے نام سے منعقد ہونیوالی یہ ساتویں دفاعی نمائش ہے۔کراچی کے ایکسپو سینٹر میں ہونے والی یہ بین الاقوامی دفاعی نمائش سات نومبر سے 11 نومبر تک جاری رہے گی۔اِس سے قبل، اِس دفاعی نمائش کا انعقاد سال 2008 ءمیں کیا گیا تھا۔
XS
SM
MD
LG