رسائی کے لنکس

آئیفا ایوارڈ کی رنگارنگ شام دیپکا اور فرحان اختر کے نام


آئیفا کو بالی وڈ یا ہندی فلموں کے آسکر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ گذشتہ 15 برسوں سے یہ دنیا کے مختلف شہروں میں منعقد ہوتے رہے ہیں۔ اس بار پہلی مرتبہ یہ امریکہ میں منعقد ہوئے

اس بار ’انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز‘ یعنی ’آئیفا‘کا انعقاد امریکی ریاست فلوریڈا میں اس قدر دھوم دھڑکے سے ہوا کہ دیکھنے والے عش عش کر اٹھے۔ بھارتی میگزین’انڈیا ٹوڈے‘ کا تو دعویٰ یہ ہے کہ اس تقریب کو دنیا بھر کے 80کروڑ افراد نے براہ راست دیکھا۔

اس قدر بڑے ایونٹ کو تفصیل کے ساتھ منانے کے لئے چار دن طے کئے گئے تھے۔

ایونٹ23اپریل سے شروع ہو کر 26 اپریل تک چلا۔ کرینہ کپور، دیپکا پڈکون، سوناکشی سنہا، رہتیک روشن، مادھوری ڈکشت اور انیل کپور سے لیکر فرحان اختر اور شاہد کپور تک تمام سیلبریٹریز موجود تھیں۔

پاکستان سے راحت فتح علی خان بھی محفل کی شان بڑھانے کے لئے وہاں موجود تھے۔ انگنت پرستاروں نے راحت کی دھنوں اور سحر بھری آواز پر سر دھن لئے۔

مجموعی نظر ڈالیں تو آئیفا ایوارڈز کا میلہ دیپکا پڈکون، فرحان اختراور ان کی فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ نے اپنے نام کرلیا۔ دپیکا کوان کی فلم ’چنائی ایکسرپس‘ کے لئے بہترین اداکارہ، فرحان اختر کو فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کے لئے بہترین ہیرو کا ایوارڈ دیا گیا، جبکہ یہی فلم یعنی ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ سال کی بہترین فلم بھی قرار پائی۔

یہی نہیں بلکہ، بہترین ڈائریکٹر اور بہترین ایکشن کے ایوارڈز بھی ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کے نام ہی رہے۔

ایوارڈ ز کی تقریب میں دیپکا کی ڈانس پرفارمنس بھی لاجواب رہی۔ انہیں بہترین انٹرٹینر کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

شتروگھن سنہا کو ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ انہیں اسٹیج پر یہ ایوارڈ ان کی بیٹی سوناکشی سنہا کے ہاتھوں دیا گیا۔

ادتیہ رائے کپور کو بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کے لیے دیا گیا، جبکہ بہترین فیمیل معاون اداکارہ کا ایوارڈ دیویا دتہ کو فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کے لیے ہی دیا گیا۔

مجموعی طور پر ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کو 9 مختلف کیٹیگریز کے ایوارڈز بھی دیئے گئے۔

ان سب سے ذرا ہٹ کر سر اور سنگیت کی بات کریں تو ’عاشقی 2‘ بہترین گیت کا ایوارڈ لے اڑی ۔ یہ گیت تھا ’تم ہی ہو‘۔ جسے گایا تھا ارجیت سنگھ نے۔انہیں بہترین سنگر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ بیسٹ فی میل سنگر کا انعام شریا گوشال کے حق میں رہا۔۔۔’عاشقی ٹو‘ کے گیت ’سن رہا ہے نہ تو‘ کے لیے۔۔۔

ادھر ’بیک ٹو لو‘ کے نام سے ریلیز ہونے والی راحت فتح کی نئی البم تقریب کی شان میں چار چاند لگا گئی۔ آئیفا کی شاندار تقریب کے دوران ہی راحت فتح علی نے ’بیک ٹو لو‘ لاوٴنچ کی جس میں ان کے دس نئے گانے شامل ہیں۔ ان گانوں کو ساحر علی بگہ نے کمپوز کیا ہے۔ کچھ دھنیں سلیم سلیمان نے بھی ترتیب دی ہیں جبکہ راحت فتح علی کا ساتھ دیا ہے شریا گوشال نے۔

آئیفا کو بالی وڈ یا ہندی فلموں کے آسکر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ گذشتہ 15 برسوں سے یہ دنیا کے مختلف شہروں میں منعقد ہوتے رہے ہیں تاہم اس بار پہلی مرتبہ یہ امریکہ میں منعقد ہوئے۔

آئیفا ایوارڈز میں جہاں مختلف قسم کے رنگارنگ پروگرام پیش کئے گئے وہیں سیف علی خان کی میزبانی کی تعریف ہوتی رہی۔


ایوارڈ حاصل کرنے کچھ اور نام:
بہترین ڈائریکٹر: راکیشن اوم پرکاش مہرہ (بھاگ ملکھا بھاگ)
بہترین منفی کردار اداکرنے والے اداکار: رشی کپور فلم ڈی ڈے۔
بہترین مزاحیہ رول اداکرنے والے ارشد وارثی فلم جولی ایل ایل بی
بہترین کہانی : براسون جوشی برائے بھاگ ملکھا بھاگ
بہترین موسیقار : متھن عاشقی ٹو
بہتر ین ڈیبیو (مرد) دھنش فلم رانجھنا
بہترین ڈیبیو (فی میل) وانی کپور برائے شدھ دیسی رومینس
XS
SM
MD
LG