رسائی کے لنکس

اسٹراس کاہن کو ہتھکڑی نہیں لگائی گئی، طیارے سے اتار کر حراست میں لیا گیا


اسٹراس کاہن کو ہتھکڑی نہیں لگائی گئی، طیارے سے اتار کر حراست میں لیا گیا
اسٹراس کاہن کو ہتھکڑی نہیں لگائی گئی، طیارے سے اتار کر حراست میں لیا گیا

نیویارک پولیس نے اتوار کے روز عالمی مالیاتی فنڈ کے سربراہ کے خلاف ہوٹل کی ایک ملازمہ کی شکایت پر جنسی طور پر ہراساں کرنےسمیت دیگر دو الزامات کےتحت فرد ِجرم عائد کر دی ہے، اور اِس حوالے سے فرانس میں شدید رد ِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔

نیو یارک پولیس کا کہنا ہے کہ باسٹھ سالہ ڈومینیک اسٹراس کاہن کو جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پیرس جانے والے ائیر فرانس کے طیارے پر سوار ہوچکےتھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ہتھکڑی تو نہیں لگائی گئی تاہم انہیں طیارے سے اتار کر حراست میں لے لیا گیا۔

ہوٹل کی بتیس سالہ ملازمہ نے حکام کو بتایا ہے کہ مین ہٹن کے ٹائم سکوائر میں واقع ہوٹل کے کمرے میں جب وہ داخل ہوئی تو کاہن نے اُن پر جنسی حملہ کرنے کی کوشش کی۔اِس واقعے کی رپورٹ کے بعد خاتون کو ایک ہسپتال لے جایا گیا۔ ہوٹل کا عملہ پولیس کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
واشنگٹن میں عالمی مالیاتی فنڈ کے ترجمان نے کاہن پر فرد جرم عائد کرنے سے پہلے واقعے پر تبصرہ کرنے سے انکا ر کر دیا تھا۔

اسٹراس کاہن سے، جنھوں نےفرانس کی ایک معروف سابق ٹیلی وژن نیوز کاسٹر سے شادی کی ہوئی ہے، 2008ء میں فنڈ کی افریقی ڈویژن میں کام کرنے والی اپنی ایک ماتحت ملازمہ سے نامناسب مراسم کےحوالے سے تفتیش کی گئی تھی ۔

تفتیشی بورڈ کا کہنا تھا کہ اُن کی حرکات افسوسناک رہی ہیں ، جو بُرے تاثر کی طرف اشارہ کرتی ہیں، تاہم یہ تعلقات باہم رضامندی پر مبنی تھے۔
فرانس کے سابق وزیر خزانہ، اسٹراس کاہن ایک معروف سوشلسٹ سیاستدان ہیں۔ فرانس میں2012ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں صدر نکولا سرکوزی کا مقابلہ کرنے کیلئے سٹراس کاہن حزب مخالف کی سوشلسٹ پارٹی کے صف اول کے امیدوار کے طور پر دیکھے جا رہے تھے۔ تاہم، ابھی تک اُنھوں نےامیدوار ہونے کا اعلان نہیں کیا۔

تاہم گزشتہ چند ہفتوں سے فرانسیسی میڈیا میں اُن پرواشنگٹن میں پُر تعیش طرز زندگی گزارنے پر تنقید کی جارہی تھی۔ اُن کے مشیروں نے اُن پر عائد الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سب اُن کے سیاسی مخالفین کی جانب سے چلائی جانے والی مہم کا ایک حصہ ہے۔
اسٹراس کاہن کے وکیل کا کہنا ہے ، ’اُن کے خلاف حملے غیر منصفانہ اور ناقابلِ برداشت ہیں۔‘

ہفتے کے روز دیر گئے فرانسیسی میڈیا کا کہنا تھا کہ سٹراس کاہن کی گرفتاری ، اُن کے عالمی مالیاتی فنڈ میں اعلی عہدے پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہےجس پر وہ 2007ء سے فائز ہیں، اور ساتھ ساتھ اُن کے فرانسیسی صدارت کے امیدوار ہونے کے امکان پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔

سوشلسٹ پارٹی کے سیاستدانوں نے اِن الزامات پر مدھم لب ولہجہ اختیار کیا ہے۔2007ء کے صدارتی انتخابات میں سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے مسٹر سارکوزی کی مد مقابل امیدوار سیولین روئیل کا ’ریڈیو یورپ ون‘ پر دیے گئے انٹرویو میں کہنا تھاکہ یہ خبراُن کےلئے حیرت انگیز تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’یہ الزامات پریشان کُن ہیں۔ تاہم ابھی اُن کی تصدیق ہونا باقی ہے۔ کسی بھی اور شخص کی طرح، الزامات ثابت ہونے سے پہلے اُنھیں معصوم ہی خیال کیا جانا چاہئیے۔‘

تاہم، اُدھر حزب اختلاف کے رہنماؤں نے اسِ پر شدید ردِ عمل کا ظہار کیا ہے۔

مسڑ سار کوزی کی جماعت سے تعلق رکھنے والے پارلیمان کے ڈپٹی سپیکر برنارڈ ڈیبرے نے ایک فرانسیسی ریڈیو کو بتایا کہ سٹراس کاہن پر عائد الزامات پورے فرانس کیلئے شرمندگی کا باعث ہیں۔

XS
SM
MD
LG