رسائی کے لنکس

ٹائم میگزین کی 2019 کے با اثر ترین افراد کی فہرست میں عمران خان شامل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو معروف جریدے ’’ٹائم‘‘ نے 2019 کے با اثر ترین افراد کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

بدھ کے روز جاری ہونے والی اس فہرست میں چار شعبوں سے دنیا کے سب سے با اثر افراد کو منتخب کیا گیا ہے۔ ان شعبوں میں رہنما، قابل تقلید افراد، نامور شخصیات اور سوپر سٹارز شامل ہیں۔

ہر منتخب شخصیت کے بارے میں تفصیلی تعارف بھی شامل کیا گیا ہے۔ عمران خان کے بارے میں پاکستان کے معروف صحافی احمد رشید لکھتے ہیں، ’’پاکستان اس وقت ایک دوراہے پر کھڑا ہے اور اس کے رہنما ایک ایسے شخص ہیں جو راک سٹار جیسی شہرت کے حامل ہیں۔

عمران خان 1992 میں کرکٹ کا عالمی کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان تھے۔ اُنہوں نے لاہور میں عالمی معیار کا کینسر اسپتال تعمیر کرایا اور اعلیٰ پائے کی ایک یونیورسٹی قائم کی، جس میں ایسے بچے بھی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں جو کسی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتے تھے۔

وہ بیس برس قبل سیاست کے میدان میں داخل ہوئے اور اب وہ پاکستان کے وزیر اعظم ہیں۔ پاکستان کے نوجوان اور بزرگ اُن سے اُمید لگائے بیٹھے ہیں کہ وہ پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے اور جنوبی ایشیا کو تنازعات کی آماجگاہ کی بجائے امن کے خطے میں تبدیل کر دیں گے۔‘‘

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کا نام بھی اس فہرست میں موجود ہے جنہوں نے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں ہلاکت خیز دہشت گرد حملے کے بعد صورت حال کو احسن طریقے سے سنبھالنے پر عالمی شہرت حاصل کی۔

فہرست میں جگہ پانے والے دیگر افراد میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، پوپ فرانسس، چینی صدر شی جن پنگ، ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان، ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد، اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو، امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات کرنے والے خصوصی تفتیشی افسر رابرٹ مُلر، اس ہفتے ماسٹرز گالف ٹورنامنٹ جیتنے والے مشہور امریکی گالفر ٹائیگر ووڈز اور باسکٹ بال کے ہال آف فیم امریکی کھلاڑی لیبرون جیمز بھی شامل ہیں۔

ان کے علاوہ مشیل اوباما، امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما اور ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی اور معروف گلوکارہ لیڈی گاگا بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG