رسائی کے لنکس

عارف علوی صدر نامزد، 20 رکنی وفاقی کابینہ کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے نئی کابینہ میں شامل افراد اور ان کے قلم دانوں کا اعلان ٹوئٹر پر کیا ہے جس میں 15 وزیر اور پانچ مشیر شامل ہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر عارف علوی کو صدرِ پاکستان کا امیدوار نامزد کر دیا ہے جب کہ وزیرِ اعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان نے اپنی 20 رکنی کابینہ کا اعلان کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ میں شامل افراد اور ان کے قلم دانوں کا اعلان ٹوئٹر پر کیا ہے جس میں 15 وزیر اور پانچ مشیر شامل ہیں۔

‏نئی کابینہ میں شاہ محمود قریشی وزیرِ خارجہ، اسد عمر وزیرِ خزانہ، پرویز خٹک وزیرِ دفاع جب کہ فواد چوہدری وزیرِ اطلاعات و نشریات ہوں گے۔

نئی کابینہ میں شیریں مزاری کو انسانی حقوق،‏ نورالحق قادری کو مذہبی امور اور‏ غلام سرورخان کو پیٹرولیم کا قلم دان سونپا گیا ہے۔

‏عامر محمود کیانی نیشنل ہیلتھ سروسز اور شفقت محمود وفاقی تعلیم اور قومی ورثہ کے وزیر ہوں گے۔

نئی وفاقی کابینہ میں تحریکِ انصاف کی اتحادی جماعتوں کے چھ وزرا بھی شامل ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر فروغ نسیم کو وزیرِ قانون وانصاف جب کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کا قلم دان سونپا گیا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ریلوے کے وزیر ہوں گے جب کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بین الصوبائی رابطہ کی وزیر ہوں گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے بہاولپور سے منتخب رکنِ قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ ریاستوں اور قبائلی علاقوں (سیفران) کے وزیر ہوں گے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کی رکنِ قومی اسمبلی زبیدہ جلال دفاعی پیداوار کی وزیر مقرر کی گئی ہیں۔

عمران خان کی وفاقی کابینہ کے تین ارکان - شیخ رشید احمد، زبیدہ جلال اور غلام سرور خان اس سے قبل سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی کابینہ میں بھی وزیر رہ چکے ہیں۔

فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں وزیرِ اعظم عمران خان کے پانچ مشیروں کے ناموں کا بھی اعلان کیا ہے جن میں محمد شہزاد ارباب اسٹیبلشمنٹ جب کہ عبدالرزاق داؤد کامرس، ٹیکسٹائل، صنعت، پیداوار اور سرمایہ کاری کے مشیر ہوں گے۔

اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت حسین کو ادارہ جاتی اصلاحات اور بچت، امین اسلم کو ماحولیاتی تبدیلی اور بابر اعوان کو مشیر برائے پارلیمانی امور مقرر کیا گیا ہے۔

نئی کابینہ کے ارکان پیر کو ایوانِ صدر میں اپنی ذمہ داریوں کا حلف اٹھائیں گے۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے ہفتے کو این اے 247 کراچی سے منتخب اپنے رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کو صدر کا امیدوار نامزد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

ڈاکٹر علوی 29 جولائی 1949ء کو پیدا ہوئے اور وہ پیشے کے اعتبار سے دندان ساز (ڈینٹسٹ) ہیں۔ وہ 'ایشیا پیسیفک ڈینٹل فیڈریشن' اور 'پاکستان ڈینٹل ایسوسی ایشن' کے صدر بھی ہیں۔

عارف علوی 2013ء کے عام انتخابات میں این اے 250 کراچی سے پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ وہ 2006ء سے 2013ء تک پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل رہے جب کہ 2016ء میں انہیں پی ٹی آئی سندھ کا صدر مقرر کیا گیا تھا۔

پاکستان کے موجودہ صدر ممنون حسین کی پانچ سالہ مدت نو ستمبر کو پوری ہو رہی ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان چار ستمبر کو نئے صدر کے انتخاب کا شیڈول جاری کرچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG