رسائی کے لنکس

عمران خان زمان پارک میں موجود، رہائش گاہ کے باہر سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات


عمران خان کا زمان پارک پہنچنے پر استقبال۔
عمران خان کا زمان پارک پہنچنے پر استقبال۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں موجود ہیں جہاں ان کی سیکیورٹی کے لیے اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات ہے جب کہ پی ٹی آئی کے کارکن بھی موجود ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت ملنے کے بعد عمران خان جمعے کی شب قافلے کی صورت میں لاہور کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

انہوں نے چکری ریسٹ روم میں تھوڑی دیر قیام کیا جس کے بعد بھیرہ کے مقام پر وہ اسلام آباد پولیس کی گاڑی سے اتر کر اپنی سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ بلٹ پروف گاڑی میں لاہور کے لیے روانہ ہوئے۔

روانگی کے دوران عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام میں الزام عائد کیا کہ آئی جی اسلام آباد نے انہیں روکنے کی پوری کوشش کی اور یہ کہہ کر تین گھنٹے تک روکے رکھا کہ آگے خطرہ ہے۔

عمران خان کے بقول انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو بتایا کہ وہ سارے پاکستان کو بتائیں گے کہ انہیں اغوا کر رکھا ہے اور جب اس بات کا ان پر دباؤ پڑا تو انہیں چھوڑ دیا گیا۔

اسلام آباد سے لاہور کے سفر کے دوران مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اپنے قائد کا پرتپاک استقبال کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی رات گئے زمان پارک پہنچے جہاں ان کی بہنوں سمیت دیگر نے انہیں گلے لگا کر استقبال کیا جب کہ اس موقع پر زمان پارک کے باہر پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنان موجود تھے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو پیر تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

چیئرمین تحریکِ انصاف کو احتساب کے قومی ادارے نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں نو مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے ہی گرفتار کیا تھا۔ بعدازاں سپریم کورٹ نے اس گرفتاری کو غیر قانونی قرار دے کر ہائی کورٹ کو حکم دیا تھا کہ وہ اس معاملے پر سماعت کرے۔

XS
SM
MD
LG