رسائی کے لنکس

عمران خان پر حملہ: تحریکِ انصاف کا ملک گیر احتجاج، مختلف شہروں میں شیلنگ


PAKISTAN-POLITICS-PROTEST-KHAN
PAKISTAN-POLITICS-PROTEST-KHAN

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پی ٹی آئی جمعے کو ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کر رہی ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم پر فیض آباد کے مقام پر ہونے والے احتجاج میں پولیس اور مظاہرین میں تصادم ہوا ہے۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی ہے جب کہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا ہے۔

عمران خان کے حوصلے بلند ہیں: بابر اعوان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کچھ دیر بعد پاکستانی عوام سے خطاب کریں گے۔

جمعہ کو اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے حوصلے بلند ہیں۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری کی جانب سے کہا گیا تھا کہ عمران خان شوکت خانم اسپتال میں پارٹی کی سینئر قیادت کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

عمران خان کا مطالبہ پورا ہونے تک احتجاج جاری رہے گا: اسد عمر

پاکستان تحریکِ انصاف نے حکومت مخالف لانگ مارچ جاری رکھنے اور جمعے کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ آج ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور جب تک عمران خان کا مطالبہ پورا نہیں ہوتا ملک بھر میں احتجاج جاری ہے گا۔

عمران خان لاہور کے شوکت خانم اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ وہ جمعرات کو وزیر آباد میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے تھے۔

لاہور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیا الرحمٰن کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ عمران خان نے جمعے کی صبح چہل قدمی بھی کی ہے اور دوپہر کے قریب ان کے دوسرے چیک اَپ کے بعد ان کی صحت سے متعلق مزید آگاہ کیا جائے گا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب عمران خان کو آپریشن کے بعد الگ کمرے میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

فائرنگ کے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جب کہ عمران خان سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کنٹینر پر پستول کی گولیاں نیچے سے اوپر یعنی کنٹینر کی طرف چلائی گئیں جب کہ دیگر گولیاں اوپر سے نیچے کی طرف چلائی گئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے گیارہ گولیوں کے خول ملے ہیں جن میں سے دو خول کسی بندوق کے اور 9 خول پستول کی گولیوں کے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ دوسرے شخص کی تلاش جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق حراست میں لیے جانے والے شخص نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ وہ عمران خان کو مارنے کی نیت سے آیا تھا۔

پولیس نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں لکھا ہے کہ محکمۂ داخلہ پنجاب نے لانگ مارچ کے منتظمین کے لیے 26 اکتوبر کو قواعد و ضوابط سے متعلق ایک ہدایت نامہ جاری کیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ لانگ مارچ انتظامیہ اور متعلقہ حکام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

مبینہ حملہ آور کا دوسرا بیان جاری

عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے مبینہ ملزم نوید کا پولیس کا دیا گیا دوسرا بیان سامنے آ گیا ہے۔

ویڈیو بیان میں ملزم کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ عمران خان کے بچنے پر انہیں دکھ ہوا ہے کیوں کہ جو مقصد تھا وہ پورا نہیں ہوا۔

تفتیشی افسران کے اس سوال پر عمران خان کو مارنے کا کیا مقصد تھا؟ اس پر مبینہ ملزم نے دعویٰ کیا کہ "عمران خان کہتے ہیں میں نبی ہوں جس طرح پیغمبر اسلام نے لوگوں میں نکل کر پیغام دیا اس طرح میں آپ کو پیغام دے رہا ہوں۔"

مبینہ ملزم نوید کے مطابق عمران کے کلپس اس کے موبائل میں موجود ہیں اور ان کے بیانات کے بعد ضمیر نے یہ تسلیم نہیں کیا کہ عمران خان کی بات کو تسلیم کیا جائے۔

عمران خان کو دو گولیاں لگیں: وزیرِ صحت پنجاب

وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ عمران خان کا میڈیکو لیگل ٹیسٹ ہو گیا ہے اور ان کی حالت بہتر ہے۔

یاسمین راشد کے مطابق عمران خان کو دو گولیاں لگی ہیں اور خوش قسمتی سے ان کی ہڈی محفوظ رہی ہے۔

شوکت خانم اسپتال کے باہر گل دستوں کے ڈھیر

عمران خان لاہور کے شوکت خانم اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور غیر متعلقہ افراد کے اسپتال میں داخلے پر پابندی ہے۔

جمعے کی صبح عمران خان کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد اسپتال کے باہر پہنچی اور اسپتال کے مرکزی دروازے پر گل دستے رکھنا شروع کر دیے۔ گل دستوں پر عمران خان کی جلد صحت یابی سے متعلق پیغامات لکھے گئے ہیں۔

'لانگ مارچ جاری رہےگا'

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پارٹی کی سینئر قیادت کا جمعے کو لاہور میں اجلاس طلب کیا گیا ہے جب کہ لانگ مارچ بھی جاری رہے گا۔

فواد چوہدری کے مطابق جب تک عام انتخابات کا اعلان نہیں کیا جاتا اس وقت تک عوام کے حقوق کی یہ تحریک جاری رہے گی۔

جرمن سفارت خانے کا ویزہ سیکشن آج بند رکھنے کا اعلان

پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گریننس نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر آج ویزہ سیکشن بند رہے گا۔

'عمران خان ٹھیک ہیں اور بات چیت کر رہے ہیں'

عمران خان کے معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق عمران خان بالکل ٹھیک ہیں اور وہ بات چیت کر رہے ہیں۔ درد کی وجہ سے انہیں دوائیاں دی گئی ہیں۔

ان کے بقول عمران خان کو لگنے والی گولیوں کے کچھ ٹکڑے ان کی ٹانگ میں موجود ہیں جس سے ان کی ہڈی معمولی سی متاثر ہے۔

واضح رہے کہ لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر شوکت خانم اسپتال پہنچایا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG