رسائی کے لنکس

عمران خان کا لانگ مارچ: پاکستان میں ٹوئٹر پر کیا چل رہا ہے؟


عمران خان کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ''حقیقی آزادی مارچ'' شروع ہوچکا ہے۔ مارچ کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کی ہیں، جنہیں تحریک انصاف کے کارکنان ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لاہور میں رکاوٹیں ہٹانے کے دوران پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

جہاں ایک طرف عمران خان اور پی ٹی آئی کے کارکنان مارچ کے لیے سڑکوں پر ہیں، وہیں سوشل میڈیا پر بھی اس مارچ کی مناسبت سے مختلف ٹرینڈز دیکھنے میں آرہے ہیں۔

پاکستان میں کوئی بھی سیاسی ایونٹ ہو تو مختلف ٹرینڈز چلائے جاتے ہیں۔ جس میں کچھ ٹرینڈز اس ایونٹ یا سیاسی شخصیت کی حمایت میں ہوتے ہیں جب کہ بعض مخالفت میں ہوتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے بارے میں یہ تاثر ہے کہ وہ دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر کافی متحرک ہے، جس کا اندازہ بدھ کو پاکستان میں ٹوئٹر پر چلائے جانے والے ٹرینڈز سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

اگر آپ ٹوئٹر پر جائیں اور پاکستان میں چلائے جانے والے ٹرینڈز دیکھیں تو آپ کو بدھ کی دوپہر دو بجے تک جو 10 ٹاپ ٹرینڈز نظر آئیں گے اس میں سے زیادہ تر پی ٹی آئی کی حمایت میں ہیں یا یوں کہیں کہ زیادہ تر ٹوئٹس پی ٹی آئی کے حامی اکاؤںٹس سے کیے جا رہے ہیں۔

پاکستان میں ٹوئٹر پر کون سے ٹرینڈز چل رہے ہیں؟

ٹوئٹر پر بدھ کی دوپہر دو بجے تک پہلے نمبر پر #لانگ مارچ ٹرینڈ کر رہا تھا جس میں 71 ہزار سے زائد ٹوئٹس کی جاچکی تھی۔ دوسرے نمبر پر جو ہیش ٹیگ موجود تھا وہ #حقیقی_آزادی_مارچ کا تھا جس میں کی گئی ٹوئٹس کی تعداد 23 لاکھ سے زائد تھی۔

اسی طرح #آزادی مارچ لگ بھگ ڈیڑھ لاکھ ٹوئٹس کے ساتھ تیسرے، #وی آر کمنگ کپتان دو لاکھ ٹوئٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھا۔

ان ٹرینڈز میں جو ہیش ٹیگ پانچویں نمبر پر تھا وہ #پاکستان انڈر فاشزم تھا اور اس میں تین لاکھ 63 ہزار سے زائد ٹوئٹس ہوچکی تھیں۔

ٹوئٹر پر ٹرینڈز کرنے والے ہیش ٹیگز اور الفاظ
ٹوئٹر پر ٹرینڈز کرنے والے ہیش ٹیگز اور الفاظ

اس کے علاوہ پانچ ایسے الفاظ بھی ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہیں جن پر صارفین زیادہ بحث کر رہے ہیں۔ ان میں ''آئرن لیڈی'' لفظ کے ہزار سے زائد ٹوئٹس، ''گلو بٹس'' لفظ کا استعمال کرتے ہوئے پانچ ہزار سے زائد ٹوئٹس شامل تھے۔

اسی طرح 62 ہزار سے زائد ٹوئٹس ایسے تھے جس میں ''پنجاب پولیس'' کا لفظ استعمال کیا گیا، ''ڈاکٹر یاسمین راشد'' اور ''رانا ثناءاللہ'' کے نام بھی بالترتیب چھ ہزار اور پانچ ہزار سے زائد ٹوئٹس میں استعمال کیے گئے ہیں۔

ان ٹرینڈز میں کیا ہے؟

ٹاپ ٹرینڈ #لانگ مارچ، اگرچہ پی ٹی آئی کی جانب سے آفیشل ٹرینڈ نہیں ہے مگر اس میں مختلف لوگ، میڈیا ادارے اور کچھ آفیشلز اکاؤنٹس ٹوئٹس کر رہے ہیں۔

صحافی زبیر علی خان نے #لانگ مارچ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے ایک تصویر ٹوئٹ کی جس میں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد دیگر خواتین کے ساتھ گاڑی میں بیٹھی ہیں اور ان کی گاڑی کا شیشہ ٹوٹا ہوا ہے۔

زبیر علی خان نے لکھا کہ یہ خواتین کو حقیقی بااختیار بنانا ہے، صنفِ آہن۔

اسی طرح #حقیقی_آزادی_مارچ میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان، ان کی جماعت، رہنما، کارکنان اور مختلف افرادٹوئٹس کر رہے ہیں۔

عمران خان نے اس ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے قوم کے نام پیغام بھی دیا اور کہا کہ آزادی حاصل کرنے کے لیے عوام کو بے خوف ہوکر نکلنا چاہیے۔

عمران خان نے لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پاکستان کا جھنڈا اپنے ساتھ لائیں۔ یہ ''پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے اہم لمحہ ہے۔''

#آزادی مارچ ٹوئٹر پر تیسرے نمبر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس ہیش ٹیگ میں پی ٹی آئی آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹس، پی ٹی آئی رہنماؤں، میڈیا اداروں، صحافیوں اور مشہور شخصیات کی جانب سے ٹوئٹس کی جا رہی ہیں۔

اداکار عدنان صدیقی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ جمہوری نظام میں ہر کسی کو اپنی رائے کے اظہار اور احتجاج کی اجازت ہے۔ پرامن مظاہرین پر اس طرح کا کریک ڈاؤن قابل مذمت ہے۔

چوتھے نمبر پر موجود #وی آر کمنگ کپتان میں لوگ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں جس میں وہ عمران خان کی حمایت کا اظہار کر رہے ہیں۔

احمد نامی ایک ٹوئٹر صارف نے ایک کرین کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ راستے کھولنے کے لیے پی ٹی آئی کی کرین اپنے راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے #لانگ مارچ اور #وی آر کمنگ کپتان کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

پاکستان میں پانچویں نمبر پر ٹرینڈ کرنے والا ہیش ٹیگ #پاکستان انڈر فاشزم ہے۔ اس ہیش ٹیگ کو استعمال کرکے تبصرہ کرتے ہوئے صحافی ارشد شریف نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ''امپورٹڈ حکومت کی فسطائیت کا یہ لیول ہے جو شرم ناک، خوفناک اور نفرت انگیز ہے۔ ایک 71 سالہ خاتون پر حملہ جنہوں نے پاکستان کو تباہ کن وبا سے محفوظ رکھنے میں بے مثال خدمات انجام دی، شرمناک ہے۔‘‘

XS
SM
MD
LG