رسائی کے لنکس

کرونا وائرس سے غریب ملکوں کی معیشت تباہ ہو سکتی ہے: عمران خان


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پیش گوئی کی ہے کہ خوفناک کرونا وائرس سے غریب ممالک کی معیشت تباہ ہو سکتی ہے۔

امریکی جریدے 'بلوم برگ' کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ امیر ممالک کو غریب ممالک کے ذمے واجب الادا قرضے معاف کر دینے چاہئیں۔ اُنہوں نے کہا کہ غریب ممالک میں اگر یہ وائرس متعدی مرض میں تبدیل ہو گیا تو نہ صرف پاکستان بلکہ برصغیر اور افریقی ممالک میں اس سے نمٹنے کے لیے صحت کی سہولیات ناکافی ہوں گی۔

پاکستان کا شمار دُنیا کے اُن ملکوں میں ہوتا ہے جن کے ذمے نہ صرف آئی ایم ایف بلکہ مختلف ممالک کی جانب سے دیے گئے قرضے واجب الادا ہیں۔

پاکستان کے وزیر اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان میں بھی کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق منگل کو پاکستان میں کرونا وائرس سے ایک ہلاکت کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔

انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ غربت اور کمزور معیشت کے باعث ہمارے پاس اس وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے درکار وسائل نہیں ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مجھے غربت اور بھوک میں اضافے کا زیادہ خدشہ ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ ایران کرونا وائرس سے شدید متاثر ہے، لہذٰا اس پر عائد پابندیاں فوری طور پر ہٹا لینی چاہئیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ایران ان پابندیوں کے باعث پہلے ہی مشکلات کا شکار تھا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم منگل کو پاکستانی عوام سے خطاب بھی کریں گے۔ پاکستانی حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ پاکستان میں وائرس ایران سے آنے والے زائرین کی وجہ سے پھیلا۔ حکومت نے ایران میں پھنسے چھ ہزار سے زائد زائرین کو واپس لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ زائرین پاکستان کے صوبہ سندھ اور پنجاب میں آئے تھے، جن کے ٹیسٹ کرنے پر کئی افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

حکومتِ پاکستان نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے تعلیمی ادارے بھی پانچ اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ اجتماعات اور دیگر بڑی تقاریب بھی منسوخ کر دی گئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG