رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: ہالی وڈ کے وہ ستارے جو خود ساختہ تنہائی میں ہیں


امریکی گلو کاروں اور فن کاروں نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب تنہائی اختیار کرلی ہے اور خود کو گھروں تک محدود کر لیا ہے۔

ہالی وڈ ستاروں نے اپنے پرستاروں کو بھی گھروں تک محدود رہنے اور لوگوں سے فاصلہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ٹرمینیٹر اسٹار اور کیلیفورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شیوازنگر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امریکی شہری دوسروں کی غلطیوں سے سیکھیں۔

انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان دنوں بالکل بھی گھر سے باہر نہیں نکلتے۔ باہر کھانا کھانے بھی نہیں جاتے اور ایسا کچھ کرنا نہیں چاہتے جس سے کسی الجھن میں مبتلا ہوں۔

انہوں نے پرستاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی گھر میں رہیں، ماہرین کے خیالات سنیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

امریکی فن کاروں کے اپنے مداحوں کو یہ مشورے ایسے وقت میں دیے جا رہے ہیں جب امریکی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بار بار ہاتھ دھونے سے آگے بڑھیں اورخود کو لوگوں سے الگ تھلگ کرلیں۔

ستر لاکھ انسٹاگرام فالورز رکھنے والی پاپ اسٹار آریانا گرینڈے نے اپنے پرستاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ میل جول کم کر دیں۔ تاکہ کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔

انہوں نے اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا کہ لوگ کرونا وائرس پھیلنے کے باوجود بازاروں، ریستورانوں اور عوامی مقامات پر گھوم رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "اس صورتِ حال کو نظرانداز کرنا میرے لیے انتہائی حیرت انگیز اور خطرناک ہے۔ براہ مہربانی آنکھیں بند نہ کریں۔"

ادھر ٹیلر سوئفٹ بھی کسی سے پیچھے نہیں رہیں۔ انہوں نے بھی مداحوں پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے لوگوں سے فاصلہ اختیار کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں دیکھ رہی ہوں اب بھی کچھ تقریبات ہو رہی ہیں۔ یہ واقعی خوفناک وقت ہے لیکن ہمیں ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

پاپ سنگر لیڈی گاگا نے بھی خود ساختہ تنہائی اختیار کر لی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے اپنے تمام کنسرٹ منسوخ کر دیے ہیں اور وہ کسی بھی تقریب میں بھی شریک نہیں ہو رہیں۔

گلوکارہ مائلی سائرس نے اپیل کی کہ وہ گھبراہٹ میں بے جا خریدار اور ذخیرہ اندوزی کو روکیں اور لوگوں سے زیادہ سے زیادہ دوری اختیار کریں۔

XS
SM
MD
LG