رسائی کے لنکس

نئی کھڑکی توڑ فلم: ان سپیشن


ان سیپشن کے کردار لیو نارڈو ڈی کیپریو
ان سیپشن کے کردار لیو نارڈو ڈی کیپریو

اس ہفتے امریکی سینما گھروں میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم ان سیپشن ہے جس نے پہلے ہی ہفتے باکس آفس پر 6 کروڑ ڈالرسے زیادہ کا برنس کیا ہے۔ اس فلم کا موضوع انسانی خواب اور انہیں اپنی مرضی کے مطابق ڈھالنے کی شعوری کوشش ہے۔ ڈائریکٹر کرسٹوفر نولن کی اس فلم میں دیکھنے والوں کے لیے بہت سے اچھوتے پہلو موجودہیں ۔

فلم کے ہیرو ڈوم کوب ایک ہیکر ہیں جو کسی کمپیوٹر کو ہیک نہیں کرتے ، بلکہ انسانوں کے دماغ میں گھس کر انکے خوابوں کو اپنی مرضی سے استعمال کرتے ہیں اور انکے راز چراتے ہیں۔

تاہم کوب جرائم کی اس دنیا کو چھوڑ کر ایک عام آدمی کی زندگی اپنانا چاہتے ہیں۔ لیکن انھیں اپنی اس زندگی میں واپس لوٹنے کے لیے ایک بہت بڑے کاروباری شخص سائٹو کے لیے ایک آخری کام کرنا ہے ۔

سائٹو چاہتا ہے کہ وہ اپنے کاروباری حریف کو زیر کرنے کے لیے کوب اس شخص کے دماغ میں ایسا نیا خیال ڈال دے جوبعد ازاں اس کی ناکامی کا باعث بن جائے۔ اور یہ طریقہ ان سیپشن کہلاتا ہے۔

کرسٹوفر نولن اس فلم کے ڈائریکٹر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم کا مرکزی خیال یہ ہے کہ انسانی دماغ میں پیدا ہونے والا کوئی بھی آئیڈیا ایک طاقتور وائرس کی طرح ہوتا ہے ، جسے ایک دماغ سے دوسرے دماغ میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔

ان سیپشن کی تخیلاتی دنیا کو حقیقت کے قریب تر لانےاور فلم میں موجود ہر خواب کو ایک مختلف شکل اور اسکے ارد گرد کی اسکی اپنی دنیا میں ڈھالنے کے لیے نولن نے 6 مختلف ملکوں میں بنائے گئے بہت بڑے سیٹس پر کا م کیا۔ انسانی نفسیات اور سائنس فکشن پر مبنی اس ڈرامائی کہانی میں نولن نہ صرف فلم کے کرداروں کو بلکہ دیکھنے والوں کو بھی انکے تحت الشعور میں لے جاتے ہیں۔

فلم کے کردار بھی کہانی میں پیچیدگی پیدا کرنے میں اہم رہے ۔ لیو نارڈہ ڈی کیپریو نے فلم میں ڈوم کوب کا مرکزی کردار ادا کیا جو انسانی دماغ سے خیالات چراتا ہے ۔ اگرچہ کہانی پر انکے کردار کی گرفت مضبوط ہے لیکن ان کا کردار خود بھی اپنے اندر کی کشمکش اور جذبات کے باعث دباؤ کا شکار ہے۔

فرانسیسی اداکارہ میریون کوٹیلارڈ نے فلم میں کوب کی بے زار بیوی کا کردار ادا کیا جو اگرچہ مر چکی ہے لیکن وہ کوب کے خوابوں میں زندہ ہے۔

اداکارہ ایلن پیج نے کوب کے خوابوں کو تشکیل دینے والی ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جو کوب کو جذباتی سہارا دینے اور اسے حقیقت کے قریب رکھنے کی کوشش میں اس کی مدد کرتی ہے۔

بنیادی طور پر ان سیپشن محبت اور انسانی وجود کے الجھاؤکی کہانی ہے۔ اور اسکے کرداروں کے لیے بھی یہ بہت محنت طلب تھی۔ کرداروں نے فلم کے اسٹنٹ کردار بھی خود کیے ۔

لیونارڈو ڈی کیپریو کا کہنا ہے کہ فلم کے دوران بہت دفعہ ہم بجلی کی تاروں میں لپٹے کسی لفٹ میں پھنسے ہوئے تھے یا پانی کے ٹینکوں میں ڈوبے ہوئےتھے۔

ڈائریکٹر نولن نے حیرتوں میں مبتلا کردینے والی اس کہانی اور بڑے پیمانے پر فلمائی جانے والی اس دلچسپ اور ڈرامائی فلم پر بڑی محنت کی ہے ۔فلم میں ایکشن بہت زیادہ ہے اور کہانی کو اچھی طرح سمجھنے کے لیے ایک سے زیادہ بار اسے دیکھنے کی ضرورت پڑتی ہے۔

XS
SM
MD
LG