رسائی کے لنکس

سابق بھارتی صدر عبدالکلام کی نیویارک ایئر پورٹ پر تلاشی، امریکہ کی معذ رت


سابق بھارتی صدر عبدالکلام کی نیویارک ایئر پورٹ پر تلاشی، امریکہ کی معذ رت
سابق بھارتی صدر عبدالکلام کی نیویارک ایئر پورٹ پر تلاشی، امریکہ کی معذ رت

نیو یارک کے جے ایف کے ایئرپورٹ پر بھارت کے سابق صدر اے پی جےعبدالکلام کی تلاشی کے واقعے پر بھارت میں بڑھتی ناراضگی کے دوران امریکہ نے معذرت طلب کر لی ہے۔

نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے سے جاری ایک بیان کے مطابق امریکہ نے بھارتی حکومت اور عبد الکلام کے نام ایک معذرت نامے میں کہا ہے کہ،’شخصیات کی جانچ کے لیے جو مناسب طریقہٴ کار اختیار کیا گیا ہے اُس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، جِس کی وجہ سے اے پی جے عبد الکلام کو پریشانی ہوئی۔ ہمیں اِس پر بے حد افسوس ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں‘۔

یاد رہے کہ 29 ستمبر کو جب سابق صدر ایک دورے سے واپس آرہے تھے تو جے ایف کے ایئرپورٹ پر جہاز کے اندر اُن کے جیکٹ اور جوتے کی تلاشی لی گئی تھی۔ بھارت نے اُس پر سخت ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔

وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا نے اِسےناقابلِ قبول قرار دیتےہوئے اتوار کے روز امریکہ میں بھارتی سفیر نیروپما راؤ سے کہا تھا کہ وہ اِس معاملے کوواشنگٹن میں اعلیٰ سطح پر اُٹھائیں۔ لیکن، اِس سےقبل کہ یہ واقعہ کوئی سفارتی تنازعہ اختیار کرتا، امریکہ نے معذرت طلب کرکے معاملے کو بحسنِ خوبی ختم کردیا ہے۔

اِس تحریر میں یہ بھی لکھا ہے کہ ہم بھارت اور امریکہ کےمابین مضبوط رشتے کی قدر کرتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اِس ناخوش گوار واقع کےباوجود، ہم بھارت کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ سمیت دیگرشعبوں میں مل کر کام کرتے رہیں گے۔

اِس معذرت نامے کی نقل بھارتی حکومت اور سابق صدر کے حوالے کردی گئی ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG