رسائی کے لنکس

بھارت: ایئر انڈیا کے لیے بیل آؤٹ پیکج


بھارتی حکومت نے کہاہے کہ وہ قرضوں میں جکڑی ہوئی قومی فضائی سروس ’ ایئر انڈیا‘ کو مشکل سے نکالنے کے لیے کئی ارب ڈالر کی مدد دے گی۔

شہری ہوابازی کے وزیر اجیت سنگھ نے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت اگلے آٹھ سال کے عرصے میں ایئر انڈیا کو تقریباً پانچ ارب 80 کروڑ ڈالر فراہم کرے گی۔ ان کا کہناہے کہ قومی ایئر لائن کی مالی تنظیم نو سے توقع ہے کہ فضائی کمپنی 2018ء سے منافع کمانا شروع کردے گی۔

بھارتی ایئر لائن کو حالیہ برسوں میں شدید نقصانات برداشت کرنے پڑے ہیں جس کی بنا پر کارکنوں کو وقت پر تنخواہیں نہیں مل پارہیں اور کم ازکم دوبار ایسا ہوچکا ہے کہ بلوں کی عدم ادائیگی کی بنا پر آئل کمپنیوں نے طیاروں کے لیے ایندھن کی فراہمی روک دی تھی۔

بھارتی وزیر نے ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کی رقوم سے ایئر انڈیا کی مدد کے حکومتی فیصلے پر تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز کی فراہمی کارکردگی کے اہداف سے منسلک ہے اور قومی فضائی کمپنی کو لازمی طورپر اپنے اخراجات گھٹانے ہوں گے۔

ایئر انڈیا کے مالیاتی مسائل پانچ سال قبل اس وقت شروع ہوئے تھے جب اندورن ملک چلنے والی ایک سرکاری کمپنی کا اس سے الحاق کیا گیاتھا۔ تب سے ایئرانڈیا مسلسل خسارے میں جارہی ہے۔

بھارت میں صرف ایئرانڈیا کو ہی مالی مشکلات کا سامنا نہیں ہے بلکہ شہری ہوابازی کی پوری صنعت بحران سے گذر رہی ہے اور اس کی چھ میں سے پانچ پرائیویٹ فضائی کمپنیاں قرضوں میں پھنسی ہوئی ہیں۔بھارتی شہری ہوابازی کی صنعت کو ہونے والے سالانہ مجموعی خسارہ ڈھائی ارب ڈالر تک پہنچ چکاہے۔

XS
SM
MD
LG