رسائی کے لنکس

بھارت میں سالِ نو کے موقع پر دہشت گردی کا خطرہ، سیکیورٹی الرٹ


بھارت میں سالِ نو کے موقع پر دہشت گردی کا خطرہ، سیکیورٹی الرٹ
بھارت میں سالِ نو کے موقع پر دہشت گردی کا خطرہ، سیکیورٹی الرٹ

بھارتی حکام نے نئے سال کی تقریبات کے موقع پر دہشت گردی کے ممکنہ حملوں کے پیشِ نظر ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکام نے منگل کے روز صحافیوں کو بتایا کہ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو یہ اطلاعات ملی ہیں کہ ایک کالعدم پاکستانی تنظیم لشکرِ طیبہ رواں ہفتے کے آخر میں ہونے والی سالِ نو کی تقریبات کے دوران ہندوستانی شہروں میں دہشت گردی کے حملوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے اضافی دستے ملک بھر کے ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز پر تعینات کیے جارہے ہیں جبکہ ممبئی میں پولیس کی جانب سے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

بھارت کی مشہور ساحلی سیاحتی مقام گوا میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے ہر اس جگہ کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا جارہا ہے جہاں کا پاکستانی نژاد امریکی ڈیوڈ ہیڈلے نے دو سال قبل دورہ کیا تھا۔ ہیڈلے نے 2008 میں کیے جانے والے ممبئی حملوں میں دہشتگردوں کو مبینہ طور پر معاونت فراہم کی تھی۔ بھارت ان حملوں کا ذمہ دار لشکرِ طیبہ کو ٹہراتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے رواں ماہ میں دوسری بار سیکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھارتی سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کرسمس کے موقع پر لشکرِ طیبہ کی جانب سے دہشت گردی کے ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیشِ نظر سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا تھا۔

بھارتی پولیس گزشتہ کئی روز سے لشکرِ طیبہ سے تعلق رکھنے والے ان چار مبینہ پاکستانی دہشت گردوں کی تلاش میں ہے جو اس کے مطابق دہشت گردی کی کاروائیوں کیلیے ممبئی میں داخل ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG