رسائی کے لنکس

بنگلور کے کارلٹن ٹاورز میں آگ لگنے سے نو افراد ہلاک، متعدد زخمی


بنگلور شہر کی ایک عالیشان عمارت میں منگل کی سہ پہر اچانک آگ لگنے سے نو افراد ہلاک اور تقریباً 70سے زائد زخمی ہوگئے، جِن میں سے 20کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ کارلٹن ٹاورز نامی عمارت کی تیسری منزل میں تین بجے دِن اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے بیشتر حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

شہر کے مصروف ترین علاقے میں واقع اِس آٹھ منزلہ عمارت میں آگ لگتے ہی إِس میں پھنسے ہوئے لوگ مختلف منزلوں سے خود کو بچانے کے لیے کود پڑے، جس کے سبب تین افراد ہلاک ہوگئے اور کئی زخمی ہوئے۔ چھ افراد جھلسنے اور دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔ دو گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔ آگ بجھانے کے آلات کی کمی کے سبب مشکلات درپیش آئیں۔

فائر سروس کے سربراہ نے بتایا کہ آگ سے زیادہ دہشت کے سبب بھگدڑ مچ گئی۔ عمارت میں پھنسے ہوئے افراد شیشوں کو توڑ کر مدد کے لیے چیخ و پکار کرنے لگے۔

کرناٹک کے وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ 150افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ کئی افراد نے پانچویں، چھٹی اور ساتویں منزل سے چھلانگ لگا دی۔ زخمیوں کو شہر کے ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔

اِس واقعے کے سبب سارے علاقے میں ٹریفک درہم برہم ہوگئی، سینکڑوں افراد جمع ہوگئے، اور مقامی افراد بھی بچاؤ کے کاموں میں شامل ہوگئے۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے سبب یہ آگ لگی۔

اخبار ‘دِی ہندو’ نے امدادی ٹیم کے ایک رُکن کے حوالے سے کہا ہے کہ عمارت کی ہر منزل پر باہر نکلنے کے دروازے مقفّل تھے اور طرح لوگ عمارت سے نکل بھاگنے کے لیے سیڑھیاں استعمال نہ کرسکے۔

صوبہ کرناٹک کے حکام نے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں چھان بین کریں گے کہ اُس عمارت میں تعمیراتی یا حفاظتی ضابطوں کی کوئى خلاف ورزی تو نہیں کی گئى تھی۔

XS
SM
MD
LG