رسائی کے لنکس

کامن ویلتھ کھیلوں کے کامیاب انعقاد کے بعد بدعنوانیوں کی جانچ کا مطالبہ تیز


کامن ویلتھ کھیلوں کے کامیاب انعقاد کے بعد بدعنوانیوں کی جانچ کا مطالبہ تیز
کامن ویلتھ کھیلوں کے کامیاب انعقاد کے بعد بدعنوانیوں کی جانچ کا مطالبہ تیز

نئی دہلی میں گیارہ دِنوں تک چلنے والے کامن ویلتھ کھیلوں کے کامیاب اختتام پر جمعرات کی شب جواہرلال نہرو اسٹیڈیم میں شاندار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور جمعے کی صبح کو جب دہلی کے باشندے بیدار ہوئے تو ملکی اخبارات کھیلوں کے کامیاب انعقاد پر حکومت اور انتظامیہ کمیٹی کی ستائش اور مبارکباد یوں کی سرخیوں سے بھرے پڑے تھے۔

حالانکہ، کھیلوں کے آغاز سے قبل نامکمل تیاریوں ، گندے اور ناقابلِ رہائش ‘کھیل ولیج’، نہرو اسٹیڈیم کے نزدیک ایک پُل کے انہدام اور پھر سکیورٹی کے خدشات کے تعلق سے قومی و بین الاقوامی میڈیا میں رپورٹنگ کے سبب بھارت کی کافی بدنامی ہوئی تھی جِس کی وجہ سے متعدد نامی گرامی ایتھلیٹوں نے آنے سے انکار کردیا اور کئی ملکوں نے تاخیر سے کھیلوں میں شرکت کی۔لیکن، بہرحال زبردست سکیورٹی انتظامات میں کھیلوں کا انعقاد ہوا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گیمز فیڈریشن کے صدر مائیک فینل نے آرگینائزنگ کمیٹی کے چیرمین سریش کلماتی، نئی دہلی کی حکومت اور عوام کو کھیلوں کی کامیابی پر مبارکباد دی۔

اِن کھیلوں میں بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور سونے کے 38تمغوں سمیت 101تمغے حاصل کیے ہیں جو کہ اُس کی کارکردگی کے لحاظ سے ایک ریکارڈ ہے۔

اب قومی میڈیا نے اپنی رپورٹنگ میں اِس امید کا اظہار کیا ہے کہ بھارت آئندہ برسوں میں اپنے کھیل کی کارکردگی میں بہتری لائے گا۔ تاہم، تنازعات نے اب بھی آرگینائزنگ کمیٹی کا پیچھا نہیں چھوڑا ہے۔ کھیلوں کے سابق وزیر اور نئی دہلی میں کامن ویلتھ کھیلوں کے انعقاد کے سخت مخالف ، منی شنکر آئر نے کھیل ختم ہوتے ہی مالی بدعنوانیوں کی جانچ کا اپنا مطالبہ دہرایا ہے۔

اصل اپوزیشن پارٹی، بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھی مالی بدعنوانیوں کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔

اُدھر کمپٹرولر اور آڈیٹر جنرل اور سینٹرل وجیلینس کمیشن نے اِن بدعنوانیوں کی جانچ شروع کردی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ آئندہ تین مہینے میں کمپٹرولر کی رپورٹ آجائے گی۔ایسی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ کمپٹرولر کی ایک ٹیم نے جمعے کے روز کامن ویلتھ ولیج کا دورہ کیا ۔ خیال رہے کہ حکمراں محاذ کی چیرپرسن سونیا گاندھی نےا علان کیا تھا کہ کھیلوں کے انعقاد کے بعد بدعنوانیوں کے الزامات کی جانچ کی جائے گی۔

اِسی دوران آسٹریلیائی ایتھلیٹوں نے بنگلور کرکٹ ٹیسٹ میں بھارت کے ہاتھوں آسٹریلیا کی شکست سے مشتعل ہوکر ولیج میں توڑ پھوڑ کی۔اُنھوں نے بجلی کی فٹنگ کاٹ دی اور فرنیچر کو نقصان پہنچایا۔ بتایا جاتا ہے کہ اِس واقعے کے خلاف کوئی رپورٹ درج نہیں کی گئی ہے اور آرگینائزنگ کمیٹی کے سکریٹری للت بھنوٹ کے مطابق آسٹریلیا کے ایتھلیٹوں نے معافی مانگ لی ہے۔

اُدھر ایک دوسرے اہم واقعے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے برطرف شدہ چیرمین للت مودی کے خلاف ایک سرکلر جاری کیا ہے اور تمام ہوائی اڈوں اور ملک میں داخل ہونے والے مقامات پر اُن کی نگرانی کی جارہی ہے۔ اِس سرکلر میں پولیس اور دیگر ایجنسیوں سے کہا گیا ہے کہ للت مودی جہاں کہیں بھی نظر آئیں اُنھیں حراست میں لے لیا جائے۔خیال رہے کہ مودی پر بھی زبردست بدعنوانیوں کے الزامات ہیں۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG