رسائی کے لنکس

دفاعی صلاحتوں میں کمی کی خبریں محض افواہیں ہیں: بھارتی وزیر دفاع


بھارت کے وزیر دفاع اے کے انتھونی نے منگل کے روز ایسی خبروں کی تردید کی کہ بھارت میں موجود ٹینکوں کے گولا بارود کا ذخیرہ محض اس قدر ہے کہ اس سے صرف چار دن کی ضروریات پوری کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے یہ تردید بھارتی فضائیہ کی ایک کانفرنس میں شرکت کے بعد کی۔ ان کا کہناتھا کہ یہ سب افواہیں ہیں۔

انتھونی نے کہا کہ کچھ کمی تو ہے مگر حکام اسے دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہناتھا کہ بھارت کی سوفی صد ضروریات کو پورا نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہے۔ اور مجموعی طورپر بھارتی فورسز اس وقت کسی بھی بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

بھارت میں اس طرح کے سوالات فوج کے سربراہ اس خط کے بعد اٹھائے جارہے ہیں ، جو انہوں نے وزیر اعظم کو بھیجا تھا اور اس میں انہوں نے ملک کی دفاعی صلاحیتوں میں موجود بعض خامیوں اور کمی کی نشاندہی کی تھی۔ اس افشاہونے والے خفیہ مراسلے میں کہاگیاتھا کہ ٹینکوں کے دستیاب گولابارود کا ذخیرہ چند دنوں کی ضروریات پوری کرسکتا ہے۔

حالیہ برسوں میں بھارت کی حکومت نے اپنی مسلح افواج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کے کئی منصوبے تیار کیے ہیں ۔ تاہم نئی دہلی میں سینٹر فار پالیسی ریسرچ کے ایک ماہر بھارت کرناد کا خیال ہے کہ ہتھیار اور گولہ بارود ذخیرہ کرنے پر مناسب توجہ نہیں دی گئی۔لیکن اس مسئلے کی باآسانی اصلاح کی جاسکتی ہے۔

بھارت کی فوج کا شمار دنیا کی تیسری بڑی فوج میں ہوتا ہے اور اسے زیادہ تر روسی فوجی سازوسامان سے مسلح کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG