رسائی کے لنکس

زیر حراست خاتون بھارتی سفارت کار سے تفتیش جاری


زیر حراست خاتون بھارتی سفارت کار سے تفتیش جاری
زیر حراست خاتون بھارتی سفارت کار سے تفتیش جاری

بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشِنا نے کہا ہے پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار خاتون سفارت کار سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

بھارتی ٹی وی چینل NDTV کو دیے گئے انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ 53 سالہ مادھوری گپتا کے خلاف الزامات انتہائی سنجیدہ نوعیت کے ہیں اور وزارت داخلہ اس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ اپنی تفتیش مکمل کرنے کے بعد ہی بھارت اس معاملے پر پاکستان سے بات کرے گا۔

بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا (فائل فوٹو)
بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا (فائل فوٹو)

وزیر خارجہ کرشِنا سارک ملکوں کی سربراہ کانفرنس کے سلسلے میں ان دنوں بھوٹان میں ہیں۔ ان کے ساتھ وزارت خارجہ کے ترجمان وشنو پرکاش بھی ہیں جنہوں نے صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعیناتی کے دوران سفارت کار گپتا مبینہ طور پر پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کو حساس معلومات فراہم کرتی رہیں۔

اُن کے بقول تفتیش کا عمل جاری ہے اور خاتون سفارت کار اس سلسلے میں مکمل تعاون کر رہی ہیں۔ تاہم ترجمان نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور صحافیوں کے سوالوں کا جواب بھی نہیں دیا۔

سفارت کار گپتا اسلام آباد ہائی کمیشن میں پریس اینڈ انفارمیشن سیکشن میں کام کر رہی تھیں اور اطلاعات کے مطابق پچھلے چھ ماہ سے متعلقہ بھارتی حکام اُن کی نگرانی کررہے تھے۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق مادھوری گپتا کو پاکستان سے واپس بلانے کے بعد پچھلے جمعہ کو گرفتار کیا گیالیکن اس کا اعلان منگل کو کیا گیا۔

بھوٹان میں موجود پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نئی دلی نے اپنی سفارت کار کی گرفتای کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مادھوری گپتا غیر شادی شدہ ہیں اور انھوں نے تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ وزارت خارجہ میں اعلیٰ افسران کے رویے سے تنگ آکر انھوں نے حساس معلومات پاکستانی حکام کو فراہم کرنے کا کام شروع کیا۔

اطلاعات کے مطابق پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں نے انھیں افغانستان میں بھارت کے کردار اور پاکستان سے متعلق بھارت کی پالیسی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کا کام سونپا تھا۔

یہ سکینڈل ایک ایسے وقت سامنا آیا ہے جب بھوٹان میں سارک سربراہ کانفرنس کے موقع پر جمعرات کو پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ کے درمیان ملاقات کا امکان ہے جس میں دو طرفہ امن مذاکرات کی بحالی کی اُمید کااظہار کیا جا رہا ہے۔ نومبر 2008 ء میں ممبئی میں ہلاکت خیز دہشت گردانہ حملوں کے بعد بھارت نے مذاکرات کے سلسلہ یک طرفہ طور پر معطل کر رکھا ہے۔

XS
SM
MD
LG