رسائی کے لنکس

بھارت: انتخابات پر ایک ماہ میں 4 کروڑ 56 لاکھ ٹوئٹس


بھارت میں جمعرات کو 20 ریاستوں میں ہونے والے پہلے انتخابی مرحلے کی خبریں میڈیا پر ہی نہیں سوشل میڈیا ویب سائٹس پر بھی چھائی رہیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران صرف انتخابات سے متعلق 4کروڑ 56 لاکھ ٹوئٹس شیئر کی گئیں۔

بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ٹوئٹر' کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ سب سے زیادہ ٹوئٹس 'ہیش ٹیگ لوک سبھا الیکشنز 2019'پر کی گئیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جو موضوع سب سے زیادہ زیربحث آیا وہ ' قومی سلامتی' تھا جس نے باقی تمام موضوعات مثلاً مذہب، ملازمت، زراعت، ٹیکس اور تجارت کو پیچھے چھوڑ دیا۔

11 اپریل سے شروع ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے پر ٹوئٹس کا تبادلہ 11 مارچ سے شروع ہوا تھا۔ اس ایک ماہ میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 56 لاکھ ٹوئٹس کی گئیں۔

سب سے زیادہ ٹوئٹس ووٹنگ کے دن کی گئیں جن کی تعداد 12 لاکھ تھی۔

ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ سیاست دانوں اور سیاسی جماعتوں نے ملک بھر میں جاری مہم کے دوران تمام شہریوں سے ٹوئٹر کے ذریعے گفتگو کی۔

اس گفتگو میں انتخابی مہم، منشور ، اعلانات، پالیسی اور سماجی معاملات زیر بحث رہے۔

گفتگو کا مقصد ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کے لئے ذہنی طور پر تیار کرنا اور انہیں پولنگ کے لیے گھروں سے باہر نکالنا تھا۔

نریندر مودی کی شخصیت سب سے زیادہ زیر بحث رہی جب کہ ان کے علاوہ جن سیاسی رہنماؤں کے متعلق سے سب سے زیادہ ٹوئٹس کی گئیں، ان میں بھارتی جنتا پارٹی کے صدر امیت شاہ، ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ اور بی جے پی رہنما یوگی ادتیہ ناتھ، کانگریسی رہنما راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی سرفہرست ہیں۔

XS
SM
MD
LG