رسائی کے لنکس

بھارت: دہشت گردی کا خطرہ، نئی دہلی میں عوامی مقامات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی


بھارت میں پولیس کا کہنا ہے کہ کئی غیر ملکی سفارت خانوں کی جانب سے اس جنوبی ایشیائی ملک میں ممکنہ دہشت گرد حملوں کے انتباہ جاری ہونے کے بعداس نے پرہجوم مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹروں میں اپنی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔

امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور دوسرے مغربی سفارت خانے محتاط رہنے کی فوری ہدایات میں اپنے شہریوں کو شہر کے مصروف حصوں سے گریز کرنے کا مشوردہ دے چکے ہیں۔

ہفتے کے روز جاری ہونے والے امریکی ہدایات میں بھارت کا سفر کرنے والے امریکی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ زیادہ چوکس رہیں اور اپنی سکیورٹی میں اضافہ کریں۔

کینیڈا اور نیوزی لینڈ بھی اسی طرح کے انتباہ جاری کرچکے ہیں۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کی خبروں میں کہا گیا ہے کہ کمانڈوز ، جنہیں بکتر بند گاڑیوں کی مدد حاصل ہے، نئی دہلی کے معروف کاروباری اضلاع کی حفاظت کررہے ہیں۔

ایک بھارتی ترجمان نے کہا ہے کہ ان انتباہوں کے جواب میں مناسب اقدامات کرلیے گئے ہیں۔

پچھلے ماہ جنوبی شہر بنگلور کے ایک کرکٹ سٹیڈیم کے باہر کم طاقت کے بم دھماکوں کے بعدسکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوگیاتھا۔

بھارت اکتوبر میں ہونے والی دولت مشتر کہ کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کی تیاری کررہاہے۔ اس موقع پر ہزاروں سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG