رسائی کے لنکس

بھارت عید الفطر کےموقع پر 85 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرے گا


بھارت میں پاکستانی قیدی
بھارت میں پاکستانی قیدی

بھارت نے پاکستان کی طرف سے حال ہی میں 141بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرنے کے جواب میں 85 پاکستانی قیدیوں کو عید الفطر کے موقع پر رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزارتِ داخلہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گجرات کی مختلف جیلوں میں بند 85 ماہی گیروں کو رہا کرنے کا حکم نو ستمبر کو ہی دے دیا گیا ہے۔

اِس کے علاوہ پنجاب اور بھارتی کشمیر کے ساتھ ساتھ راجستھان سے ایک اور دہلی سے دو قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے۔ تاہم، اُن کی رہائی پاکستانی عہدے داروں کی طرف سے دفتری دستاویزات جاری کرنے پر منحصر ہے۔

اِس دوران پاکستانی عہدے داروں نے اشارہ دیا ہے کہ وہ نقل و حمل کے مسئلے کے پیشِ نظر اِن قیدیوں کو 15ستمبر کو ہی اپنے یہاں لے جا سکیں گے۔اُنھوں نے 43ماہی گیروں کے بارے میں بھارت کو مطلع کیا تھا۔

وزارتِ داخلہ کے بیان کے مطابق اِس سال اب تک بھارت 128پاکستانی قیدیوں کو رہا کر چکا ہے۔

گجرات حکومت کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ باقی 55ماہی گیروں کے معاملے میں عدالت سے رجوع کرے تاکہ اُن کے خلاف معاملات واپس لیے جاسکیں اور اُنھیں پاکستان بھیجا جاسکے۔امید کی جارہی ہے کہ رواں سال میں 213پاکستانی قیدی رہا کردیے جائیں گے۔

پاکستانی سول سوسائٹی کے کارکنوں نے حال ہی میں کانگریس صدر سونیا گاندھی، وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا اور وزیرِ داخلہ پی چدم برم سے ملاقات کرکے اُن قیدیوں کو رہا کرنے کی اپیل کی تھی جو غلطی سے سرحد پار کرگئے تھے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG