رسائی کے لنکس

بھارتی میلے میں بھگدڑ مچنے سے سات زائرین ہلاک


جمعرات کی صبح سات زائرین جِن میں ایک بچے کے علاوہ بقیہ چھ خواتین تھیں مشرقی بھارتی صوبے مغربی بنگال میں دریائے گنگا پر منائے جانے والے تہوار کے موقعے پر مچنے والی بھگدڑ میں ہلاک ہو گئے۔

حادثے میں ایک درجن سے زیادہ لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔ یہ واقع جنوبی بلگرام ضلع میں صبح ساڑھے چار بجے پیش آیا۔

ضلع مجسٹریٹ کے مطابق زائرین ساگر نامی جزیرے کو جانے کے لیے جب پہلی لانچ پر سوار ہونے کی کوشش کر رہے تھے اُس وقت بانسوں کی مدد سے تعمیر کی گئی سیڑھی ٹوٹ گئی اور لوگ اپنا توازن کھو بیٹھے اور ایک دوسرے پر گرنے لگے۔ مرنے والی خواتین ہریانہ، اتر پردیش اور بہار کی رہنے والی تھیں اور پانچ سالہ بچہ بہار کا باشندہ تھا جو اپنے والد کے ساتھ پہلی بار گنگا ساگر میلہ دیکھنے آیا تھا۔

چشم دید گواہوں کے مطابق بھگدڑ کی اصل وجہ یہ تھی کہ موقعے پر بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے لیے نہ تو پولیس اہل کار وہاں موجود تھے اور نہ ہی غیر سرکاری رضاکار۔ بھیڑ بے قابو اِس لیے ہوئی کہ لانچوں اور کشتیوں کی تعداد بہت کم تھی اور زائرین کی تعداد بہت زیادہ۔ لانچ میں جگہ پانے کے لیے ایک ساتھ ہزاروں لوگ آگے بڑھنے لگے جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

گنگا ساگر میلہ ہندوؤں کے لیے بے پناہ عقیدت کا مرکز ہے اور سارے ملک سے زائرین اِس تہوار کے موقع پر یہاں آتے ہیں تاکہ گنگا میں نہا سکیں۔

ایک روز قبل پُونے سے آنے والی زائرین کی ایک بس کولکتہ کے قریب ایک ٹرک سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں آٹھ لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG