رسائی کے لنکس

بھارت: 'ٹیلی کام اسکینڈل' مقدمے کی سماعت کا آغاز


بھارت: 'ٹیلی کام اسکینڈل' مقدمے کی سماعت کا آغاز
بھارت: 'ٹیلی کام اسکینڈل' مقدمے کی سماعت کا آغاز

ایک بھارتی عدالت نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے کرپشن اسکینڈل کے الزام میں گرفتار ایک سابق وفاقی وزیر سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع کردی ہے۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی ایک عدالت میں ٹیلی مواصلات کے سابق مرکزی وزیر اے راجا سمیت ایک درجن سے زائد ملزمان کے خلاف جمعہ کو مقدمے کی باقاعدہ کاروائی کا آغاز ہوا۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ملی بھگت سے موبائل کمپنیوں کے لائسنس رعایتی نرخوں پر فروخت کرکے مخصوص کمپنیوں کو فائدہ پہنچایا تھا۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسکینڈل کے ذریعے قومی خزانے کو 40 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔ملزمان پر سازش، دھوکہ دہی اور دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں تاہم سابق وزیر نے خود پر عائد الزامات کی صحت سے انکار کیا ہے۔

اسکینڈل سامنے آنے کے بعد اے راجا نے گزشتہ برس اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا جس کے بعد سے وہ حکام کی تحویل میں ہیں۔ سابق وزیر کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم من موہن سنگھ اور اس وقت کے بھارتی وزیرِ خزانہ لائسنسوں کی فروخت سے آگاہ تھے اور انہوں نے ہی اس فروخت کی منظوری دی تھی۔

مذکورہ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد وزیرِاعظم من موہن سنگھ کی سربراہی میں قائم کانگریس حکومت کو حزبِ مخالف کی جماعتوں اور عوامی حلقوں کی جانب سےسخت تنقید اور احتجاج کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ کرپشن کے کئی بڑے اسکینڈلز سامنے آنے کے بعد کانگریس کی مرکزی حکومت شدید عوامی دباؤ کا شکار ہے۔ ان اسکینڈلز میں بھارت کی میزبانی میں ہونے والے 2010ء کے 'کامن ویلتھ گیمز' میں بڑے پیمانے پر کی گئی بدعنوانی بھی شامل ہے ۔

XS
SM
MD
LG