رسائی کے لنکس

بھارت نے اپنی پچاس کروڑ آبادی کو ہیلتھ انشورنس فراہم کر دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت نے اپنے ملک کی نصف آبادی کو صحت کی انشورنس فراہم کرنے کے لیے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ فنڈز مختص کیے ہیں ، جس سے تقریباً 10 کروڑ خاندانوں کو ، جن کی تعداد 50 کروڑ نفوس کے لگ بھگ ہے، پیچیدہ بیماریوں کے علاج کے لیے سالانہ 5 لاکھ روپے تک کی سہولت حاصل ہو جائے گی۔

نئے وفاقی بجٹ میں حکومت نے اپنے ہیلتھ پروگرام کے لیے 200 ارب روپے رکھے ہیں، تاہم عہدے داروں کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے یہ پروگرام آگے بڑھے گا، اس کے لیے مزید رقوم مہیا کی جائیں گی۔

بھارت کے وزیر صحت جے پی ندا نے ایک نیوز بریفنگ میں کہا ہے یہ ایک اہم فیصلے کی جانب تاریخی قدم ہے اور یہ دنیا بھر میں صحت کے تحفظ کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔

صحت کی انشورنس کا یہ پروگرام جس سے بھارت کے غریبوں کو فائدہ پہنچے گا، ایک ایسے ملک میں ، جہاں ڈاکٹروں اور اسپتالوں کی کمی ہے، وزیراعظم مودی کے اصلاحاتی پروگرام کا ایک حصہ ہے۔

بھارتی حکومت نے حالیہ برسوں میں دواؤں اور طبی آلات کی قیمتوں میں اضافے پر پابندیاں لگائی ہیں تاکہ صحت کی دیکھ بھال کے اخراجات عام لوگوں کی دسترس میں رہ سکیں۔

صحت کی انشورنس پر اٹھنے والے اخراجات بھارت کی کل قومی آمدنی کے ایک فی صد کے مساوی ہیں، جو دنیا بھر میں صحت کے شعبے کے لیے رکھے جانے والے کم تر فنڈز میں شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG