رسائی کے لنکس

بھارت نے پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کو ویزا جاری کر دیا


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی۔ فائل فوٹو
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی۔ فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد میں موجود بھارتی سفارت خانے نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یعنی آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں شرکت کیلئے ویزا جاری کر دیا ہے۔ بھارتی سفات خانے نے نجم سیٹھی اور پی سی بی کے چیف آپریٹنگ افسر صبحان احمد کو ویزے جاری کئے ہیں۔

نجم سیٹھی اور صبحان احمد 21 اپریل کو آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کیلئے کلکتہ روانہ ہوں گے۔ آئی سی سی کے اس اجلاس میں پاکستان سوپر لیگ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران لاہور اور کراچی میں سیکیورٹی انتظامات اور کرکٹ میچوں کے انعقاد کیلئے کئے گئے خصوصی انتظامات کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستانی کرکٹ کیلئے آئی سی سی کی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک بھی اس موقع پر پاکستان میں ممکنہ طور پر بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اجلاس کے موقع پر نجم سیٹھی دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈ کے سربراہوں سے ملاقاتیں کر کے اُنہیں پاکستان ٹیم بھیجنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

خیال ہے کہ اس اجلاس کے دوران پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈ بھی دو طرفہ کرکٹ تعلقات کا جائزہ لینے کیلئے ملاقات کریں گے۔ تاہم پاک بھارت کرکٹ کی فوری بحالی کے امکانات فی الحال نہ ہونے کے برابر ہیں۔

اگرچہ حالیہ برسوں میں پاکستان کے کھلاڑیوں اور منتظمین کو بھارتی ویزے کے حصول میں مشکلات درپیش رہی ہیں اور متعدد مواقع پر بھارت نے پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں بھارت نے پاکستان ہاکی، سکواش، بلائنڈ کرکٹ اور ریسلنگ کی ٹیموں کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا اور یوں وہ بھارت میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت سے محروم ہو گئی تھیں۔ تاہم نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اُن کے ویزے کے سلسلے میں ذمہ داری آئی سی سی کی تھی اور آئی سی سی اور بھارتی حکام کے درمیان رابطوں کے باعث یہ ویزے بروقت جاری کر دئے گئے۔

آئی سی سی کے اس اجلاس کے بعد کرکٹ کے اس عالمی ادارے کا سالانہ اجلاس جون میں ڈبلن میں ہو گا جس کے بعد اکتوبر میں آئی سی سی کا ایک اور بورڈ اجلاس ویسٹ انڈیز میں منعقد ہو گا۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی درخواست کریں گے کہ آئی سی سی کا اگلے سال ہونے والا بورڈ اجلاس لاہور میں منعقد کیا جائے۔

XS
SM
MD
LG