رسائی کے لنکس

پاکستان نے بھارتی مشیر کے الزامات رد کر دئیے


بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر شیو شنکر مینن
بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر شیو شنکر مینن

پاکستان نے بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر شیو شنکر مینن کے اُس اخباری بیان کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کیا ہے جس میں اُنھوں نے پاکستانی نژاد امریکی شہری ڈیوڈ ہیڈلی کے پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تعلقات کا الزام لگایا ہے۔

منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان میں پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے کہا ہے کہ تازہ الزامات بھارتی اسٹیبلشمنٹ کی پاکستان کے خلاف پراپیگینڈہ مہم کا ایک اور ثبوت ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر کا بیان اُس سمجھوتے کے برعکس ہے جو اس سال بھوٹان میں دونوں ملکوں کے وزرا ئے اعظم کے درمیان طے پایا تھا اور جس میں دہشت گردی کو ایک مشترکہ خطرہ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف کوششوں میں دو طرفہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔

ڈیوڈ ہیڈلی کو امریکی حکام نے بھارت کے شہر ممبئی میں نومبر 2008ء میں کیے گئے دہشت گردانہ حملوں میں کردار اد ا کرنے کے جرم میں گرفتار کر رکھا ہے اور مبینہ طور پر عدالت کے سامنے اس شخص نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔

بھارت کی قومی سلامتی کے مشیر مینن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہیڈلی نے امریکی اور بھارتی تفتیش کاروں کو دیے گئے بیانات میں پاکستان کی اسٹیبلیشمنٹ اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ اپنے تعلق کا اعتراف کیا ہے۔ اُن کے بقول بھارت کے پاس جو معلومات ہیں اُن سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان تعلق جلد ٹوٹنے والا نہیں بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں مضبوطی آرہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا اور اُن کے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے درمیان گذشتہ ہفتے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات بھی بظاہر ممبئی حملوں میں آئی ایس آئی کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG