رسائی کے لنکس

بھارت کی سیلاب زدگان کے لیے امداد کی پیش کش


بھارتی وزیر ِ اعظم من موہن سنگھ نے اپنے پاکستانی ہم منصب سید یوسف رضا گیلانی سے ٹیلی فون پر بات کی ہے اور سیلاب سے آنے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے مزید امداد کی پیش کش کی ہے۔

رپورٹوں کے مطابق، من موہن سنگھ نے مختصر گفتگو کے دوران حکومت اور غیر سرکاری ایجنسیوں کے ذریعے کیے جانے والے بچاؤ اور امدادی کاموں کے سلسلے میں بھی جاننا چاہا۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ قدرتی آفات کے ایسے موقع پر پورے جنوبی ایشیا کو ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے اور اِس بھیانک تباہی سے متاثر پاکستانی عوام کو ہر ممکن مدد دی جانی چاہیئے۔

اُنھوں نے یوسف رضا گیلانی سے کہا کہ بھارت نے آپ کے ملک کو مدد کی پیش کش کی ہے اور وہ مزید مدد دینا چاہتا ہے۔من موہن سنگھ نے سیلاب سے آنے والی تباہی پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار بھی کیا۔

اِس سے قبل، وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے بات چیت کی تھی اور 50لاکھ ڈالر کی امداد کی پیش کش کی تھی۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے سرگرم انسانی حقوق کے کارکن انصار برنی نے ایک بیان میں حکومتِ پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کی امداد قبول کر لے۔

دریں اثنا، ڈان نیوز کی ایک اطلاع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے سیلاب زدگان کے لیے بھارتی امداد کی پیش کش پر اُس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG