رسائی کے لنکس

پاک بھارت کرکٹ سیریز جلد ہوگی: چیئرمین پی سی بی


پاک بھارت کرکٹ سیریز جلد ہوگی: چیئرمین پی سی بی
پاک بھارت کرکٹ سیریز جلد ہوگی: چیئرمین پی سی بی

ممبئی حملوں کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی ہے جبکہ بدھ کے روز ہونے والے سیمی فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین آئی سی سی کے تحت منعقدہ کسی عالمی مقابلے میں بھی کوئی میچ نہیں ہوا تھا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیرِاعظم من موہن سنگھ نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے جلد آغاز کیلیے ہندوستانی حکام کو ہدایات جاری کی ہیں۔

جمعرات کے روز دورہ بھارت سے واپسی پر واہگہ بارڈر پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز بٹ نے کہا کہ ان کی آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ حکام کے ساتھ بات چیت مثبت رہی ہے اور بھارت نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کے جلد انعقاد پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل میچ کو دوطرفہ تعلقات کی بحالی کی جانب پہلا قدم قرار دیا۔ بدھ کے روز ہونے والے میچ کو دیکھنے کیلیے پاکستان کے وزیرِاعظم سید یوسف رضا گیلانی اپنے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ کی دعوت پر موہالی پہنچےتھےجہاں دونوں رہنمائوں نے میچ دیکھنے کے ساتھ ساتھ دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

واضح رہے کہ دسمبر 2008ء میں ہونے والے ممبئی حملوں کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ کرکٹ سمیت ہر طرح کے روابط معطل کردیے گئے تھے۔ بھارت نے ممبئی حملوں کا الزام پاکستانی دہشت گرد گروپوں پر عائد کیا تھا۔

ممبئی حملوں کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی ہے جبکہ بدھ کے روز ہونے والے سیمی فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین آئی سی سی کے تحت منعقدہ کسی عالمی مقابلے میں بھی کوئی میچ نہیں ہوا تھا۔

صحافیوں سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن بدقسمتی سے بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں ٹیم کی کارکردگی بری رہی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کل کے میچ میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی جس سے دونوں ملکوں کے عوام لطف اندوز ہوئے۔

چیئرمین پی سی بی نے پاک بھارت سیمی فائنل میچ 'فکس' ہونے کی قیاس آرائیوں کی سخت تردید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیمیں جب کھیلیں گی تو ہاریں گی بھی۔ انہوں نے کہا کہ جیت بہتر ٹیم کی ہوتی ہے اور کل ہونے والے میچ میں پاکستان کی فیلڈنگ کا معیار بہتر نہیں تھا۔

اعجاز بٹ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں اپنے مخصوص انداز میں قومی ٹیم کے بعض کھلاڑیوں کے بارے میں دلچسپ تبصرے بھی کیے۔ سیمی فائنل میں شیعب اختر کی عدم شمولیت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ "ہر کوئی چیخ رہا تھا کہ شعیب کو کھلائو، شعیب کو کھلائو۔ ۔۔ شعیب اختر سے سیکنڈ اسپیل میں ہلا تک نہیں جاتا"

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہ کئی سابق کھلاڑی وہاب ریاض کی جگہ شعیب اختر کو ٹیم میں شامل کرنے کا مشورہ دے رہے تھے۔ لیکن ان کے بقول وہاب کو کھلانے کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور انہوں نے بہت اچھی بالنگ کی۔

اعجاز بٹ نے کہا کہ "عمر گل میچ وننگ کھلاڑی ہے اور اگر وہ ردھم میں آجائے تو اس کا کوئی ثانی نہیں لیکن بدقسمتی سے وہ کل کے میچ میں نہ چل سکا"۔

XS
SM
MD
LG