رسائی کے لنکس

دیوین ورما۔۔ ہنساتے ہنساتے رلا کر چلے گئے


دیوین ورما صرف فلموں میں ہی اداکاری نہیں کرتے تھے، بلکہ فلمیں پروڈیوس اور ڈائریکٹ بھی کیا کرتے تھے۔ انہوں نے پانچ فلمیں پروڈیوس اور چار ڈائریکٹ کیں، جبکہ شاندار پرفارمنس پر تین فلم فیئر ایوارڈز بھی حاصل کئے

بالی وڈ کے ویٹرن ایکٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر دیوین ورما بھارت کے شہر پونے میں ہارٹ فیل ہونے کی وجہ سے چل بسے۔77سالہ دیوین ورما کافی عرصے سے دل اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔

دیوین ورما نے اپنے فلمی کیرئیر میں مختلف کردار نہایت منجھے ہوئے انداز میں ادا کئے۔ لیکن، انہیں شہرت مزاحیہ کرداروں سے ملی۔ خاص طور پر فلم ’انگور‘ میں دیوین کے کردار ’بہادر‘ کو لوگ اب تک یاد رکھے ہوئے ہیں۔

دیوین نے اپنی شاندار پرفارمنس پر تین فلم فیئرایوارڈز بھی حاصل کئے جو انہیں ’انگور‘، ’چور کے گھر چور‘ اور ’چوری میرا کام‘ پر دئیے گئے۔

دیوین ورما صرف فلموں میں ہی اداکاری نہیں کرتے تھے، بلکہ فلمیں پروڈیوس اور ڈائریکٹ بھی کیا کرتے تھے۔ انہوں نے پانچ فلمیں پروڈیوس کیں، جبکہ چار فلموں ’نادان‘،’بڑا کبوتر‘، ’بے شرم‘ اور ’دانا پانی‘ کو ڈائرکٹ کیا۔ ’ٹائمز آف انڈیا‘ کا کہنا ہے کہ ہندی فلموں کے علاوہ دیوین ورما نے مراٹھی اور بھوج پوری فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

سنہ 1961 میں فلم ’دھرم پترا‘ سے بالی وڈ میں فلمی سفر کا آغاز کرنے والے دیوین ورما نے سال 2013ء میں ’کلکتہ میل‘ تک متعدد فلموں میں کام کیا اور داد وصول کی۔

ان کی یادگار فلموں میں ” انداز اپنا اپنا“ ،’ ’ دل تو پاگل ہے“، ” گول مال“ ،” جدائی“ ، ”انگور“، ”عشق“، ”کیا کہنا“،” سلاخیں“،” میرے یار کی شادی“،” ہلچل“ اور ”کورا کاغذ“شامل ہیں۔

دیوین ورما نے پس ماندگان میں اپنی بیوی روپا گنگولی کو چھوڑا ہے جو لیجنڈری اداکار اشوک کمار کی چھوٹی بیٹی ہیں۔

خبررساں ادارے آئی اے این ایس کی جاری کردہ معلومات میں کہا گیا ہے کہ ورما نے پیر اور منگل کی درمیانی شب تقریباً دو بجے آخری سانس لی۔ انہیں دل کے عارضے کے ساتھ ساتھ پچھلے 35 سالوں سے ذیابیطس کا مرض بھی لاحق تھا۔

دیون ورما کے برادر نسبتی اروپ نے میڈیا کو بتایا کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے ان کی طبیعت ٹھیک نہیں چل رہی تھی۔ پیر کی شام اچانک ان کی حالت مزید بڑھ گئی جس کے بعد انہیں ’آئی سی یو‘ میں منتقل کرنا پڑا۔ لیکن، آج صبح وہ اس دنیا سے چل بسے۔

وہ بھارتی شہر پونا میں پیدا ہوئے تھے اور یہیں سے انہوں نے سیاسیات اور سوشیالوجی میں ڈگری حاصل کی۔ دیون ورما نے ٹی وی کے لئے بھی کام کیا۔

بالی ووڈ کا ماحول رنجیدہ
دیوین ورما کی موت پر بالی ووڈ کا ماحول رنجیدہ ہے جبکہ ’بالی وڈ برادری‘ نے دیوین کی موت کو بڑا نقصان قرار دیا۔ میگا ڈائریکٹر کرن جوہرنے ویوین ورما کے بارے میں ٹوئٹ کیا کہ ” بالی وڈ میں ویوین ورما جیسا بے ساختہ اور سپاٹ چہرے کے ساتھ بھرپور کامیڈی کرنے والا نہ ان سے پہلے میسر تھا اورآئندہ ہوگا۔

رواں سال مرنے والے چھٹے فنکار
دیون ورما رواں سال یعنی 2014ء میں مرنے والے چھٹے بھارتی فنکار ہیں۔ اس سے قبل 17 جنوری کو سچتراسین، 25 مارچ کو اداکارہ نندا، 10 جولائی کو زہرہ سہگل، 3 نومبر کو سداشیوامرپورکر اور 12 نومبر کو فلم میکر روی چوپڑا کا انتقال ہوا۔

XS
SM
MD
LG