رسائی کے لنکس

بھارتی یومِ جمہوریہ: فوجی پریڈ میں عسکری قوت کا بھرپورمظاہرہ


بھارتی یومِ جمہوریہ: فوجی پریڈ میں عسکری قوت کا بھرپورمظاہرہ
بھارتی یومِ جمہوریہ: فوجی پریڈ میں عسکری قوت کا بھرپورمظاہرہ

بھارت نے اپنا باسٹھواں یومِ جمہوریہ منایا، جِس موقعے پر بدھ کے روز ملک کی مختلف ریاستوں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

اصل تقریب دارالحکومت نئی دہلی کے انڈیا گیٹ پر منعقد ہوئی جہاں فوجی پریڈ نکالی گئی اور مختلف تہذیبوں کی رنگا رنگ جھلکیاں دکھائی گئیں۔

انڈونیشیا کے صدر سوشیلو بمبانگ یودھو یونو تقریبات کے مہمانِ خصوصی تھے۔ پرتھیبا دیوی پاٹل نے پریڈ کی سلامی لی جِس کے دوران بھارت کی عسکری قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔

سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بھارت ہی میں بنا ہوا لائٹ کمبیٹ ایئرکرافٹ رہا جسے پہلی بار پریڈ میں شامل کیا گیا۔ یہ بھارت کا پہلا سُپر سونک جنگی ایئرکرافٹ ہے، جو دنیا کا سب سے چھوٹا اور سب سے ہلکا ایئرکرافٹ بتایا جاتا ہے۔

پریڈ کے دوران جدید ترین ٹینک 90برہموس، نیا لانچر سسٹم، ملٹی بیرل راکٹ لانچر اور ٹیکٹیکل کنٹرول راڈار اور ملک ہی میں تیار کردہ موبائل پُل، ہیلی کاپٹر اور مِگ 29طیاروں کا مظاہرہ کیا گیا۔

إِس موقعے پر دہلی سمیت پورے ملک میں زبردست حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ نیم مسلح دستوں کی 150کمپنیوں سمیت دہلی پولیس کے 35000جوان، این ایس جی کمانڈوز، بم ناکارہ بنانے والے دستے اور ڈاگ اسکواڈ تعینات کیے گئے تھے۔ اِس کے ساتھ ہی دارالحکومت کو ‘نو فلائی زون’ میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ مختلف اونچی عمارتوں پر مشاق نشانے باز تعینات کیے گئے تھے۔ راجپت اور لال قلعے کے درمیان سو سے زائد کلوز سرکٹ ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے۔فوجی پریڈ راجپت سے شروع ہوکر لال قلعے پر ختم ہوئی۔

XS
SM
MD
LG