رسائی کے لنکس

بھارت انسانی حقوق کی پامالی روکے: ہیومن رائٹس واچ


بھارت انسانی حقوق کی پامالی روکے: ہیومن رائٹس واچ
بھارت انسانی حقوق کی پامالی روکے: ہیومن رائٹس واچ

انسانی حقوق کےلیے سرگرم ایک عالمی تنظیم نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی پامالی کے ان واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے جو سیکیورٹی اداروں کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں کے سلسلے میں پیش آرہے ہیں۔

عالمی تنظیم ’ہیومن رائٹس واچ‘ کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ میں بھارت کو خبردار کیا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی پامالی کے ایسے واقعات بھارتی حکام کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کوششوں پہ اثر انداز ہوسکتے ہیں۔

نیویارک میں واقع تنظیم ہیڈ کوارٹر سے بدھ کے روز جاری کی گئی رپورٹ میں بھارتی شہروں نئی دہلی، جے پور اور احمد آباد میں2008ءمیں ہونے والے بم دھماکوں اور اس کے بعد کی صورتِ حال کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ان دھماکوں میں ڈیڑھ سو کے لگ بھگ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

رپورٹ میں ’ہیومن رائٹس واچ جنوبی ایشیاء ‘ کی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی کا کہنا ہے کہ ان دھماکوں کے بعد پولیس نے دباؤ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس دوران حراست میں لیے گئے افراد کے بنیادی حقوق ہر مرحلے پر پامال کیے گئے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دھماکوں کے بعد بہت بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کرکے تھانوں میں منتقل کیا گیا جہاں بیشتر واقعات میں یا تو انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا یا پھر انہیں کسی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کے بجائے غیر قانونی حراست میں رکھا گیا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دھماکوں میں ملوث ہونے کے شبہ میں گرفتار کئی افراد کے مطابق انہیں تشدد کے ذریعے اعترافِ جرم پر مجبور کیا گیا جس کے نتیجے میں ان میں سے کئی افراد بعد ازاں عدالتوں کے سامنے اس اعتراف سے مکر گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی زیادتیوں کا نشانہ بننے والے اکثر افراد مسلمان تھے لیکن تنظیم کے مطابق ایک اور بم دھماکے کے شبہ میں گرفتار کیے جانے والے مشتبہ ہندو انتہاپسندوں کو بھی پولیس کی زیادتیوں کا نشانہ بننا پڑا۔

تنظیم کی ڈائریکٹر نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ بھارتی سیکیورٹی اداروں کی جانب سے بے گناہ لوگوں کو تنگ کرنے سے نہ صرف عوام کا پولیس سے اعتماد اٹھ رہا ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف حکومتی کوششوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

رپورٹ میں بھارتی حکومت سے ریاست مہاراشٹر کے مالیگاؤں نامی علاقے میں 2006ءمیں ہونے والے بم دھماکے کے شبہ میں حراست میں لیے جانے والے نو مسلمان نوجوانوں کے معاملے کی تحقیقات کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ واقعہ کے کئی سال بعد ہونے والی تحقیقات میں دھماکے میں ہندو انتہا پسندوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تھے۔

گنگولی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی اعلیٰ حکام انسانی حقوق کی پامالی روکنے کے حامی ہیں تاہم اس مقصد کےلیے ادارہ جاتی سطحوں پر کوئی کوشش نہیں کی جارہی ۔

بھارتی حکومت کی جانب سے ’ہیومن رائٹس واچ‘ کی اس تازہ رپورٹ میں پر تاحال کوئی ردِ عمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG