رسائی کے لنکس

بھارتی ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کے درمیان 67 کروڑ ناظرین کو لبھانے کی دوڑ


بھارتی ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کے درمیان 67 کروڑ ناظرین کو لبھانے کی دوڑ
بھارتی ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کے درمیان 67 کروڑ ناظرین کو لبھانے کی دوڑ

بھارتی ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کے درمیان جلد ہی ایک نئی دوڑ شروع ہونے والی ہے۔ یہ دوڑ ہے 67کروڑ ناظرین کو اپنی اپنی طرف متوجہ کرنے کی۔یہ تعداد ان ناظرین کی ہے جو اپنے پسندیدہ شوز دیکھنے کے لئے’ٹی وی ‘استعمال نہیں کرتے بلکہ ۔۔۔موبائل کو بطور ٹی وی استعمال کرسکیں گے۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارت میں موبائل فون صارفین کی تعداد 80 کروڑ ہے لیکن ٹی وی سیٹس رکھنے والے گھروں کی تعداد صرف13کروڑ ہے ۔ اس کا آسان مطلب یہ ہے کہ اگر ہر موبائل صارف کو اس کے موبائل فون پر ٹی وی نشریات دیکھنے کو ملنے لگیں تو باقی بچ جانے والے یہی 67کروڑ موبائل صارفین ۔۔ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کے ناظرین بن جائیں گے ۔

یہاں ایک اہم نکتہ یہ بھی ہے کہ بھارت ،آبادی کے لحاظ سے دنیا کادوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ یہاں موبائل صارفین کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے اور جیسے جیسے موبائل صارفین بڑھیں گے ٹی وی چینلز یا ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کو بھی اتنی ہی بڑی تعداد میں ناظرین ملتے چلے جائیں گے لہذا ٹیلی ویژن نیٹ ورکس نے تیزی سے اس جانب سوچنا شروع کردیا ہے۔

بھارت کے دوبڑے ٹیلی ویثرن نیٹ ورکس” اسٹار“ اور” کلرز “موبائل فون صارفین کے لئے ٹی وی پروگرامز بنانے پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں اور اس سمت کافی حدتک کام مکمل ہوچکا ہے۔ بھارتی فضاء میں ٹی وی چینلز کی تعداد سینکڑوں میں ہے لہذا جب موبائل پر ٹی وی نشریات کا سلسلہ شروع ہوگا تو تمام چینلز مقابلے کی دوڑ میں شامل ہوجائیں گے۔

”اسٹار پلس“ نے تودوسروں سے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے اپنا ”آئی پیڈ“ اور” آئی فون اپیلی کیشن “بھی متعارف کرادی ہے جبکہ اینڈروئیڈ ایپلی کیشن بھی لانچنگ کے آخری مرحلے میں ہے ۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے ناظرین براہ راست موبائل پر ٹی وی نشریات دیکھ سکیں گے۔

ادھر کچھ کمپنیوں نے صرف موبائل پر پیش کئے جانے والے پروگرام (کونٹینٹس)بھی مارکیٹ کرنا شروع کردیئے ہیں ۔ ان میں ”راج شری“ نامی کمپنی سرفہرست ہے۔ ’ٹی وی سوپ کوئن‘ ایکتا کپور پچھلے سال ”ایئرسیل“ نامی ٹیلی کام کمپنی کے لئے اپنا ایک آڈیو سیریل ”کریمنل کون؟“ کے نام سے پیش کرچکی ہے ۔ یہ ایک جاسوسی سیریل تھاجس سے ”ائیرسیل “کے تمام صارفین نے فائدہ اٹھایا۔

اتنا ہی نہیں بھارت میں ان پروگرامز کے لئے اشتہاری کمپنیاں بھی کروفر سے میدان میں کودنے کو تیار بیٹھیں ہیں لہذا یہ امید بہت واثق ہے کہ وہاں جلد ہی کروڑوں روپوں کی ریل پیل کردینے والی ایک نئی مارکیٹ ظہور میں آجائے گی۔

XS
SM
MD
LG