رسائی کے لنکس

بھارت: زہریلی شراب پینے سے کم ازکم 33 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس نے شراب کی دکان کے مالک سمیت تین افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

بھارت کے شہر ممبئی میں زہریلی شراب پینے سے کم ازکم 33 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ دس متاثرین اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

پولیس حکام نے جمعہ کو بتایا کہ بدھ کو ان لوگوں نے ممبئی کے نواح میں شراب کی ایک دکان سے شراب خریدی تھی جسے پینے کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی۔

طبیعت خراب ہونے پر انھیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اب تک کم ازکم 33 لوگ اس زہریلی شراب کے ہاتھوں موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

پولیس نے شراب کی دکان کے مالک سمیت تین افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ مرنے والوں کا تعلق ممبئی کی ایک جھونپڑ بستی سے تھا اور یہ لوگ لائسنس یافتہ دکانوں سے شراب خریدنے کی سکت نہیں رکھتے تھے۔

بھارت میں ایسے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں جہاں غیر معیاری اور زہریلی شراب پینے سے اموات ہو چکی ہیں۔

رواں سال کے اوائل میں لکھنؤ میں کم از کم 31 افراد ایسی ہی شراب پینے سے ہلاک ہو گئے تھے۔

اکتوبر 2013ء میں تین درجن سے زائد جب کہ 2011ء میں تقریباً 170 افراد زہریلی شراب پینے سے موت کا شکار ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG