رسائی کے لنکس

کپل شرما نے کالج کی محبت سے شادی کر لی


کپل شرما اور ان کی شریک حیات گنی چترتھ ولیمے کی تقریب میں
کپل شرما اور ان کی شریک حیات گنی چترتھ ولیمے کی تقریب میں

ویب ڈیسک: بھارت میں کامیڈی کنگ کہلائے جانے والے کپل شرما نے 14 دسمبر کو گنی چترتھ سے شادی کر لی۔ شادی کی رسم جالندھر میں ہوئی۔ ولیمہ امرتسر میں ہوا، جو شرما کا آبائی شہر ہے۔

کپل اور گنی کے خاندان اور دوستوں کے علاوہ، مہمانوں کی ایک بڑی تعداد نے ولیمے میں شرکت کی۔ دوسرا ولیمہ ممبئی میں ہو گا، جہاں توقع کی جا رہی ہے کہ بالی وڈ اور بھارتی ٹیلی وژن کے نامور ستارے شرکت کریں گے۔

شادی کی اکثر تقریبات کو کپل کے یوٹیوب چینل پر براہ راست دکھایا گیا۔ جبکہ دلہا دلہن کے دوستوں نے بھی شادی کی تقریبات کے حصے فیس بک لائیو پر دکھائے۔

سابق کرکٹ سٹار اور بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر، نوجوت سنگھ سدھو نے بھی شادی میں شرکت کی۔ نوجوت سنگھ سدھو کپل شرما شو کا بھی حصہ ہیں۔ بالی وڈ سے عباس مستان سمیت کئی دیگر معروف شخصیات بھی شادی میں شریک ہوئیں۔ پنجابی اینٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی اکثریت شادی میں نظر آئی۔

ولیمے میں مقبول فنکار دلیر مہندی اور ریچا شرما نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ معروف بھارتی فنکار گُرداس مان، ایک اور مقبول بھارتی کامیڈین بھارتی سنگھ، کرُشنا ابھیشیک، کیکو شاردا، اور بابو مان سمیت کئی مشہور بھارتی فنکاروں نے شرکت کی۔

اب سے تقریباً ایک سال پہلے کپل شرما نے سوشل میڈیا پر کھلے عام گنی کیلئے اپنے پیار کا اظہار کیا تھا۔ دونوں ایک دوسرے کو کالج کے دنوں سے جانتے ہیں، لیکن انہوں نے اسے راز ہی رکھا۔ ساتھی فنکاروں سنیل گروور اور علی اصغر کے ساتھ ہونے والی لڑائی کے بعد، کپل کی زندگی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔ اس دوران گنی ان کے ساتھ جم کر کھڑی رہیں۔

XS
SM
MD
LG