رسائی کے لنکس

میکا سنگھ کو کراچی میں پرفارم کرنا مہنگا پڑگیا، بھارت میں بائیکاٹ کا سامنا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

میکا سنگھ نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے قریبی رشتے دار عدنان اسد کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں فن کا مظاہرہ کیا تھا۔

بھارتی گلوکار میکا سنگھ کو کراچی میں پرفارم کرنا مہنگا پڑگیا۔ 'آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن' نے میکا سنگھ کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے ان پر انڈسٹری میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر سریش شیام لال گپتا کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں میکا سنگھ کے بائیکاٹ اور بالی وڈ میں کام کرنے پر پابندی کی وجہ کراچی میں ان کی پرفارمنس بتائی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ میکا سنگھ نے 8 اگست کو پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کے ایک قریبی رشتے دار عدنان اسد کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں 14 افراد کے گروپ کے ساتھ پرفارم کیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق میکا سنگھ اور دیگر فنکاروں کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت تین شہروں کا ویزا جاری ہوا تھا۔

مختصر دورانئے کی ایک ویڈیو فلم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ہے جس میں میکا سنگھ کو پرفارم کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ تنظیم کو یقین ہے کہ کوئی بھی پروڈکشن ہاوس، میوزک کمپوزر اور دیگرآن لائن میوزک کونٹینٹ پرووائیڈرز انہیں کام آفر نہیں کریں گے۔

مراسلے کے مطابق اس کے باوجود بھی اگر کسی نے ایسا کیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسے موقع پر جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے میکا سنگھ نے ملک کے وقار کی پرواہ نہ کرتے ہوئے پیسہ کمانے کو ترجیح دی۔

XS
SM
MD
LG