رسائی کے لنکس

بھارتی کشمیر میں جھڑپ، ایک فوجی افسر ہلاک


بھارتی کشمیر میں جھڑپ، ایک فوجی افسر ہلاک
بھارتی کشمیر میں جھڑپ، ایک فوجی افسر ہلاک

بھارت کے زیرِانتظام کشمیر میں مبینہ شدت پسندوں اور بھارتی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں ایک فوجی افسر ہلاک اور دو اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق بدھ کو شروع ہونے والی جھڑپ کا آغاز اس وقت ہوا جب وادی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مزاحمت کاروں کے ایک گروپ سے بھارتی فوجیوں کا آمنا سامنا ہوگیا۔

سارا دن جاری رہنے والی جھڑپ کے دوران کئی شدت پسند موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔

بھارت کا موقف ہے کہ مسلح شدت پسند متنازعہ وادی کشمیر کے پاکستان کے زیرِانتظام علاقے سے بھارتی حصے میں داخل ہونے کی کوششیں کرتے رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ مسلم اکثریتی خطہ کشمیر انتظامی طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان منقسم ہے تاہم دونوں ممالک اس پر کلی ملکیت کے دعویدار ہیں۔

کشمیری علیحدگی پسند 90ء کی دہائی سے وادی کی بھارت سے آزادی یا پاکستان کےساتھ الحاق کی تحریک چلارہے ہیں جس میں اب تک 47 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات میں دہشت گردی سے نبرد آزما ہونے کی ضرورت پر اتفاق کیا تھا۔

دونوں ممالک کے درمیان رواں برس بحال ہونے والے امن مذاکرات کے بعد اپنی نوعیت کی یہ پہلی ملاقات تھی جس میں بھارتی وزیرِخارجہ ایس ایم کرشنا اور ان کی پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر نے کشمیریوں کی حالتِ زار بہتر بنانے کے لیے بھی کئی اقدامات کی منظوری دی۔

XS
SM
MD
LG