رسائی کے لنکس

بھارتی فلم پر پابندی عائد کرنے کا حکم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حافظ سعید نے لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان میں بھارتی فلم ’فینٹم‘ پر پابندی کے لیے درخواست دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اس فلم سے ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔

پاکستان میں جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کے وکیل نے کہا ہے کہ عدالت نے ان کی درخواست پر اس بھارتی فلم پر پابندی عائد کر دی ہے جس میں ان کے قتل کی افسانوی کہانی بیان کی گئی ہے۔

حافظ سعید نے لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان میں بھارتی فلم ’فینٹم‘ پر پابندی کے لیے درخواست دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اس فلم سے ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔ اس درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ یہ فلم مبینہ طور پر بھارتی پراپیگنڈا ہے جس کا مقصد پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانا ہے۔

فلم ’فینٹم‘ ایس حسین زیدی کے ناول ’ممبئی اوینجرز‘ سے ماخوذ ہے جس میں بھارتی جاسوس ان افراد کو نشانہ بناتے ہیں جو 2008ء میں بھارت کے شہر ممبئی میں تین روز تک جاری رہنے والے دہشت گرد حملے میں ملوث تھے، جس میں 166 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ناول میں اس حملے کے مبینہ منصوبہ سازوں کے نام تبدیل کر دیے گئے تھے مگر فلم میں حافظ سعید اور امریکی شہری ڈیوڈ کولمین ہیڈلی کا نام استعمال کیا گیا ہے، جسے اس واقعے کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم میں امریکہ نے 35 سال قید کی سزا دی تھی۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق حکومت نے کہا ہے کہ اسے ’فینٹم‘ بنانے والوں کی طرف سے اس فلم کی پاکستان میں نمائش کی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ یہ فلم بھارت میں 28 اگست کو ریلیز کی جائے گی۔

عدالت نے اپنے مختصر حکم میں فلم پر پابندی کے فیصلے کی وجوہات بیان نہیں کیں۔

فلم کے پروڈیوسر کی طرف سے اس فیصلے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔ مگر ڈائریکٹر کبیر خان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اصل میں حافظ سعید نفرت کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔

امریکی اور بھارتی حکام نے ممبئی حملوں کا الزام کالعدم تنظیم لشکر طیبہ پر عائد کیا تھا۔ امریکہ نے 2008ء کے ممبئی حملوں میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر حافظ محمد سعید پر ایک کروڑ ڈالر کی انعامی رقم کا اعلان کر رکھا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ حافظ سعید نے لشکر طیبہ کی بنیاد رکھی تھی اور اب جماعت الدعوۃ نامی خیراتی ادارہ چلاتے ہیں جو بھارت کے بقول لشکر طیبہ کی ہی ایک ذیلی تنظیم ہے۔

تاہم حافظ سعید نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے متعدد مرتبہ کہا ہے کہ ان کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔

XS
SM
MD
LG