رسائی کے لنکس

فلم ’پدما وت‘ پر دوبارہ پابندی عائد کرنے کی درخواست مسترد


سپریم کورٹ کے فلم ریلیز کرنے کے حکم کے باوجود ان دونوں ریاستوں میں پدما وت کی ریلیز کے خلاف مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ مدھیہ پردیش اور راجستھان میں سینما مالکان بھی ریاستی حکومت کی جانب سے بھرپور تحفظ فراہم کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس کے بغیر فلم ریلیز کرنے کو تیار نہیں۔

بھارتی سپریم کورٹ نے فلم ’پدما وت‘ کی ریلیز پر دوبارہ پابندی لگانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بی جے پی کی ریاستی حکومتوں نے پدماوت کی سینما گھروں میں ریلیز روکنے کی درخواست دی تھی اور عدالت سے اپنے گزشتہ فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کی تھی۔

سپریم کورٹ نے ریلیز پرپابندی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنے پچھلے فیصلے کو برقرار رکھا جس میں فلم کی ریلیز پرعائد پابندی ختم کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

برطانوی خبرایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق چیف جسٹس آف انڈیا دپیک مشرا کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ہم اپنے پچھلے حکم کو تبدیل نہیں کریں گے۔ ریاستی حکومتیں امن و امان برقراررکھنے کو یقینی بنائیں۔

راجستھان حکومت نے اپنے دلائل میں کہا کہ وہ ہنگامہ آرائی اور عوامی احتجاج روکنے کے لئے فلم پر پابندی لگانا چاہتی ہے۔ فلم کی مخالفت کرنے والے گروپوں نے پدما وت کے ڈائریکٹر سنجے لیلی بھنسالی پر تاریخ کو مسخ کرنے کا الزام لگایا ہے کیونکہ ان کے خیال میں فلم میں رانی پدما وتی اور مسلمان حکمراں کی محبت دکھانا تاریخی حقائق کے خلاف ہے۔

فلم ’پدما وت ‘بھارت کے یوم جمہوریہ سے قبل لانگ ویک اینڈ پر جمعرات 25 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔ راجستھان اورمدھیہ پردیش کے علاوہ دیگر ریاستوں میں فلم کی ایڈوانس بکنگ بھی شروع ہو چکی ہے۔

سپریم کورٹ کے فلم ریلیز کرنے کے حکم کے باوجود ان دونوں ریاستوں میں پدما وت کی ریلیز کے خلاف مظاہرے کئے جارہے ہیں۔ مدھیہ پردیش اور راجستھان میں سینما مالکان بھی ریاستی حکومت کی جانب سے بھرپور تحفظ فراہم کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس کے بغیر فلم ریلیز کرنے کو تیار نہیں۔

مدھیہ پردیش میں سات تھیٹرزکے مالک سندیپ جین نے’ رائٹرز‘ سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو ’پدما وت‘ ریلیز کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت ہماری مدد کرنے اور ہمیں سپور ٹ کرنے پر تیار نہیں۔ جب ہم مقامی پولیس کے پاس گئے تو انہوں نے صاف صاف کہہ دیا کہ اپنے رسک پر فلم ریلیز کریں۔‘

قوم پرست گروپ شری راجپوت کرنی سینا نے رواں ہفتے ’پدما وت‘ کی ریلیز کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے ۔ مختلف علاقوں میں ٹریفک بلاک کیا اور بہت سے سینما گھروں میں توڑپھوڑ بھی کی تھی۔

چھتیس گڑھ میں راجپوت کمیونٹی گروپ سروا شتریہ مہاسبھا کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کے باوجود ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ تنظیم کے راکیش سنگھ نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی سینما مالکان کو وارننگ دے دی ہے اور انہوں نے ہمیں تحریری یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ فلم کی نمائش نہیں کریں گے، اگر پھر بھی کسی سینما میں ’پدماوت‘ دکھائی گئی تو پھر نتائج کی ذمہ داری ہم پرنہیں ہو گی۔‘

دپیکا پڈکون، رنویرسنگھ اور شاہد کپور کی اسٹار کاسٹ پر مشتمل ’ پدما وت‘ شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی ہے۔ فلم کی شوٹنگ کے موقع پر بھی مختلف گروپس نے سیٹس پر توڑ پھوڑ کی تھی اور فلم کی شوٹنگ رکوا دی تھی۔

فلم کے خلاف مظاہروں اور پابندی کے باعث ’پدما وت‘ کی ریلیز کو ری شیڈول کر کے جنوری میں نمائش کے لئے پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔فلم کو دسمبر میں ریلیز ہونا تھا۔

XS
SM
MD
LG