رسائی کے لنکس

انڈونیشیا: دونوں صدارتی امیدواروں کا کامیابی کا دعویٰ


انڈونیشیا کے صدارتی امیدوارو ٹی وی پروگرام پر
انڈونیشیا کے صدارتی امیدوارو ٹی وی پروگرام پر

انڈونیشیا دنیا کی تیسری بڑی جمہوریت ہے اور ان انتخابات میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 19 کروڑ تھی۔

انڈونیشیا میں بدھ کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں دونوں امیدواروں کی طرف سے کامیابی کے دعوؤں کے بعد ملک سیاسی بحران کی طرف بڑھ سکتا ہے۔

80 فیصد سے زائد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق جکارتہ کے گورنر جوکو ویدودو کو سابق فوجی جنرل پرابوو سوبیانتو پر پانچ فیصد سے برتری حاصل ہے۔

جوکووی کے نام سے مشہور ویدودو نے فوری طور پر ایک پریس کانفرنس بلا کر اپنے فاتح ہونے کا اعلان بھی کردیا۔

اس کے کچھ ہی دیر بعد سوبیانتو نے ایک سیاسی ریلی میں اعلان کیا کہ ان جائزہ رپورٹوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ "انھیں عوام کی حمایت اور مینڈیٹ حاصل ہوا ہے۔"

انڈونیشیا دنیا کی تیسری بڑی جمہوریت ہے اور ان انتخابات میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 19 کروڑ تھی۔

پرابوو سوبیانتو ایک دولت مند سابق جرنیل اور ملک کے آنجہانی آمر سوہارتو کے داماد ہیں۔ ان کی انتخابی مہم کی بنیاد قومیت پر رہی۔

کئی لوگ خدشے کا اظہار کرتے ہیں کہ حکومت میں آنے کے بعد وہ ملک کو مزید آمریت کی جانب لے جائیں گے۔

سوبیانتو کے مخالف جوکو ویدودو ایک نرم مزاج رکھنے والے انسان ہیں اور انتخابات میں ان کا زور اپنی شفاف سیاسی دور کی تشہیر کرنا تھا۔

چند ماہ پہلے عام طور پر ویدودو کی انتخابات میں کامیابی کی توقع کی جارہی تھی لیکن ان پر مسلمان نا ہونے کے الزامات کے بعد ان امکانات میں کمی دیکھنے میں آئی۔

ویدودو ان الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG