رسائی کے لنکس

انڈونیشیا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 59 افراد ہلاک


انڈونیشیا کے جنوبی صوبے سولاویسی میں سیلابی علاقوں میں پھنس جانے والے افراد محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔ 23 جنوری 2019
انڈونیشیا کے جنوبی صوبے سولاویسی میں سیلابی علاقوں میں پھنس جانے والے افراد محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔ 23 جنوری 2019

انڈونیشیا میں قدرتی سانحات میں امدادی سرگرمیوں سے متعلق محکمے کے ایک عہدے دار نے بتایا ہے کہ جزیرے سولاویسی میں کئی روز کی شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابوں سے کئی افراد ہلاک اور لاپتا ہو گئے ہیں۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 59 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر میٹی گیشن ایجنسی کے ترجمان سوٹوپو پوروو نوگروہو نے کہا ہے کہ کئی علاقوں میں سیلاب اترنے کے بعد کئی اور نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔

جنوبی صوبے سولاویسی کے 13 اضلاع اور صوبائی صدرمقام سمیت کئی شہر منگل کے روز سے شروع ہونے والے سیلابوں سے متاثر ہوئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سیلابوں کے نتیجے میں 3000 سے زیادہ افراد کو اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لینی پڑی۔ امدادی کارکن لاپتا ہونے والے 25 افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انڈونیشیا میں بارشوں کے موسمی طوفانوں کے باعث مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب آنے کے واقعات کثرت سے پیش آتے ہیں۔

انڈونیشیا لگ بھگ 17000 جزیروں پر مشتمل ایک ملک ہے جہاں لاکھوں افراد ان پہاڑی سلسلوں کے قریب رہتے ہیں جہاں کثرت سے سیلاب آتے رہتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG