رسائی کے لنکس

انڈونیشا میں دیہاتی گڑیا کو 'پری' سمجھنے کی غلطی کر بیٹھے


اس گڑیا کی تصاویر سماجی میڈیا پر تیزی سے پھیلنے لگیں۔ اس افواہ کے ساتھ کہ سلاویسی گاؤں میں ایک پری نازل ہوئی ہے

انڈونیشیا کے ایک دور دراز گاؤں میں ماہی گیروں کو سمندر میں تیرتی ہوئی ایک بڑی گڑیا ملی تھی، جس کے بارے میں دیہاتیوں کا خیال تھا کہ وہ ایک پری ہے جو آسمان سے نازل ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے، اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انڈونیشیا کے ایک مرکزی صوبے، سلاویسی کے ماہی گیروں کو یہ پلاسٹک کی گڑیا مارچ کے مہینے میں سمندر میں تیرتی ہوئی ملی تھی۔

اس گڑیا کی تصاویر سماجی میڈیا پر تیزی سے پھیلنے لگیں، اس افواہ کے ساتھ کہ سلاویسی گاؤں میں ایک پری نازل ہوئی ہے۔

حتیٰ کہ دور دراز علاقوں میں یہ بات عام ہونے لگی کہ یہ 'بیداداری' یعنی پری ہے وہ بھی غیر مصدقہ کہانیوں کے ساتھ کہ اسے جب دریافت کیا گیا تھا تو یہ روتی ہوئی ملی تھی۔

سوشل میڈیا پر پھیلنے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہےکہ گڑیا کو باوقار لباس میں کرسی پر بیٹھایا گیا ہے، جبکہ اسے ماہی گیروں کے ساتھ ایک کشتی پر سفر کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

مقامی پولیس کے سربراہ، ہیرو پرموکارنو نےکہا ہے کہ جب ہمارے افسران وہاں پہنچے تو انھوں نے دیکھا کہ یہ پری اصل میں ایک کھلونا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں اس طرح کی اطلاعات ملی تھیں کہ آسمان سے نازل ہونے والی پری سمندر کے ساحل پر روتی ہوئی پائی گئی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ اسے بنگائی جزائر میں مچھلیاں پکڑتے ہوئے ایک مچھیرے پاردین نے دریافت کیا تھا، جس نے اس سے قبل اس طرح کی کوئی خوبصورت گڑیا نہیں دیکھی تھی۔

وہ اس سرخ و سفید اور سبز آنکھوں والی گڑیا کو اپنے ساتھ گھر لے آیا جہاں اس کی ماں نے گڑیا کی خدمت کی ذمہ داری سنبھال لی اور اسے ایک باوقار لباس کے ساتھ سر پر حجاب پہنا دیا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ دیہاتیوں کو مارچ میں مکمل سورج گرہن کے ایک روز بعد یہ گڑیا ملی تھی۔ یہ سورج گرہن جنوب مشرقی ایشیا بھر میں دیکھا گیا تھا۔ لہذا، دریافت کے وقت نے دیہاتیوں کے اس یقین کو پختہ کردیا کہ یہ دونوں واقعات ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔

چونکہ اس گاؤں میں روحانی عقائد کے ماننے والوں کی تعداد زیادہ ہے اس لیے دیہاتیوں نے اسے 'بیداداری' یعنی 'مقدس پری' یا روح کی ایک قسم سمجھنےکی غلطی کی تھی۔

انھوں نے کہا کہ مسئلہ یہ تھا کہ اس دور دراز کے گاؤں کے لوگوں کے پاس انٹرنیٹ نہیں ہے اور وہ کھلونے کے بارے میں نہیں جانتے ہیں۔

تاہم، جھوٹی افواہوں کو روکنے اور ممکنہ سماجی بدامنی کےخدشات کے حوالے سے مقامی پولیس نے یہ کھلونا ضبط کرلیا ہے۔

XS
SM
MD
LG