سماجی رابطوں کی مشہور اسمارٹ فون ایپلی کیشن انسٹا گرام نے چھ ملکوں میں اپنے صارفین کی پوسٹس پر آنے والے لائکس کی تعداد دیکھنے کا آپشن ختم کر دیا ہے۔
انسٹا گرام کے صارف اب لوگوں کی تصاویر اور ویڈیوز پر آنے والے لائکس کی تعداد نہیں دیکھ سکیں گے۔
اس عمل کا آغاز ابتدائی طور صرف چھ ملکوں میں تجرباتی طور پر کیا گیا ہے جن میں آسٹریلیا، اِٹلی، آئرلینڈ، جاپان، برازیل اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔
اس سے قبل انسٹا گرام کی انتظامیہ مئی میں لائکس کی تعداد چُھپانے کا تجربہ کینیڈا میں بھی کر چکی ہے۔
انسٹا گرام نے لائکس چھپانے کا یہ تجرباتی اقدام اپنے صارفین کو ذہنی دباؤ سے آزاد کرنے کے لیے کیا ہے۔
انسٹا گرام کو اس حوالے سے تنقید کا سامنا تھا کہ ان کی ایپلی کیشن میں لائکس کا فیچر صارفین کو ذہنی دباؤ میں رکھتا ہے اور ان کی ذہنی حالت کو متاثر کرتا ہے۔
انسٹا گرام، فیس بُک کی ہی ایک اسمارٹ فون ایپلی کیشن ہے جس کے دنیا بھر میں صارفین کی تعداد ایک ارب سے زائد ہے۔
انسٹا گرام پر صارفین اپنی تصاویر اور ویڈیوز ڈالتے ہیں جو دوسرے صارفین دیکھ سکتے ہیں اور ان پر لائکس اور کمنٹ بھی کر سکتے ہیں۔
تاہم انسٹا گرام کے چھ ملکوں کے صارفین اب دوسرے لوگوں کی پوسٹ پر آنے والے لائکس کی تعداد نہیں دیکھ سکیں گے۔ انسٹا گرام نے اس تجربے کے خاتمے کی کوئی تاریخ نہیں دی۔
فیس بُک کی نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی پالیسی ڈائریکٹر میا گارلک نے کہا ہے کہ ہم انسٹا گرام کو ایسا پلیٹ فارم بنانا چاہتے ہیں جہاں لوگ اپنے خیالات کا بلاجھجک اظہار کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ ہمارا لائکس چھپانے کا یہ تجربہ کامیاب رہے گا اور اس سے صارفین لائکس آنے یا نہ آنے کی فکر میں پڑے بغیر اپنے خیالات لوگوں تک پہنچائیں گے۔
واضح رہے کہ انسٹا گرام کی جانب سے لائکس کی تعداد بند کیے جانے کے بعد انسٹا گرام کے صارف دوسرے لوگوں کی پوسٹ پر آنے والے لائکس کی تعداد نہیں دیکھ سکیں گے لیکن وہ اپنی پوسٹ پر لائکس کی تعداد دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں ایک لنک کے ذریعے دوسرے پیج پر جانا ہوگا۔
واضح رہے کہ معروف ایپلی کیشن انسٹا گرام کی جانب سے یہ اقدامات تحقیقات کے بعد کیے گئے ہیں۔
برطانیہ میں صحت پر کام کرنے والی ایک تنظیم نے 2017 میں ایک ریسرچ کے بعد انسٹا گرام کو نوجوانوں کی ذہنی صحت کے لیے خطرناک قرار دیا تھا۔
امریکہ میں 2018 میں نوجوانوں پر کیے گئے ایک سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ 40 فی صد نوجوان انسٹا گرام کے لائکس نہ بڑھنے کی وجہ سے ذہنی دباؤ میں ہیں۔
انسٹا گرام کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آپ کے چاہنے والے آپ کے لائکس کی تعداد دیکھنے کے بجائے صرف آپ کی تصاویر اور ویڈیوز دیکھیں۔ ہم انسٹا گرام کو کسی مقابلے کی جگہ نہیں بنانا چاہتے جہاں لوگ اپنے لائکس اور کمنٹس کو لے کر ایک دوسرے سے مقابلہ کریں۔
انسٹا گرام کا مزید کہنا تھا کہ لائکس کی تعداد بند کرنے سے وہ لوگ متاثر نہیں ہوں گے جو انسٹا گرام کو اپنے کاروبار اور اپنی مصنوعات کی لوگوں میں پسندیدگی کا اندازہ لگانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔