رسائی کے لنکس

'سوشل میڈیا نئی جنریشن کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے'


سلینا گومیز (فائل فوٹو)
سلینا گومیز (فائل فوٹو)

امریکی پاپ سنگر اور اداکارہ سلینا گومیز سوشل میڈیا کے متعلق زیادہ اچھی رائے نہیں رکھتیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا نیٹ ورکنگ سائٹس نوجوانوں کے لیے نقصان دہ ہیں،. خاص طور سے انسٹاگرام جس کا ذرا سی بے احتیاطی سے استعمال بہت خطرناک ہوسکتا ہے۔

انہیں سوشل میڈیا سے سب سے بڑی شکایت یہ ہے کہ اس کے ذریعے غلط معلومات پھیلائی جاتی ہیں۔

فرانس میں جاری کان فلم فیسٹیول کے دوران ایک نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سلینا کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا میری ہم عمر جنریشن کے لیے بہت خطرناک ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر سوشل میڈیا نیٹ ورکنگ سائٹس درست انداز میں اور احتیاط سے استعمال کی جائیں تو ان کا ثانی ہی کوئی نہیں۔

لیکن ان کے بقول "جب میں یہ دیکھتی ہوں کہ اس کے ذریعے کس طرح نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو ہراساں کیا جارہا ہے، انہیں بدنام کیا جا رہا ہے، تو مجھے لگتا ہے کہ یہ کوئی اچھی چیز نہیں۔"

سلینا نے مزید کہا کہ "سوشل میڈیا کے ذریعے نہ تو صحیح معلومات ہی ملتی ہیں اور نہ ہی درست خبریں۔ میں سمجھتی ہوں کہ یہ بہت خطرناک رجحان ہے کہ اس کے ذریعے من گھڑت خبریں عام کی جائیں۔"

ڈزنی اسٹار سلینا ایک طویل عرصے تک کینیڈین سنگر جسٹن بیبر کی قریبی دوست رہی ہیں۔ جسٹن دنیا میں انسٹاگرام پر سب سے زیادہ دیکھے اور سرچ کیے جانے والے فن کاروں میں سے ایک ہیں جب کہ خود سلینا کا اس فہرست میں تیسرا نمبر ہے۔ اس کے باوجود سلینا اس پلیٹ فارم سے اپنا ناتا توڑ چکی ہیں۔

دنیا بھر میں 150 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والی سلینا گومیز سے جب یہ پوچھا گیا کہ سوشل میڈیا کو کس طرح بہتر کیا جاسکتا ہے، تو ان کا دو ٹوک انداز میں کہنا تھا کہ یہ تقریباً "ناممکن" ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ انسٹاگرام یا دوسرے سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر بہت احتیاط برتیں۔

بقول ان کے "میں بہت سی ایسی لڑکیوں سے ملی ہوں جنہیں سوشل میڈیا سے ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ انہیں بے جا بدنام کیا جاتا رہا حالانکہ اصل میں وہ ایسی نہیں۔ بعض لڑکیوں کو تو مجبوراً اپنے دفاع میں خود سامنے آنا پڑا۔"

سلینا نے نوجوانوں کو یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ سوشل میڈیا سائٹس پر خود کو "محدود" رکھیں۔ بہتر یہ ہے کہ سوشل میڈیا سے کچھ عرصے کے لیے دوری اختیار کریں۔ وقت گزاری کے لیے یہ اچھا ذریعہ ہوسکتا ہے لیکن پھر بھی محتاط رہیں۔

XS
SM
MD
LG