رسائی کے لنکس

ملالہ کی ہمشکل گڑیا متعارف


وینڈی تساؤ کی ویب سائٹ کے مطابق انھوں نے اس منصوبے کے لیے دنیا کی چند با اثر خواتین کا انتخاب کیا ہے۔

کھلونوں کی دوکانوں کے شیلف پر سجی بچوں کی مقبول گڑیا بار بی ڈول اور بریٹس ڈول کو عام طور پر فیشن ڈول کے طور پر دیکھا جاتا ہے لیکن، ایک کینیڈین آرٹسٹ نے اس فیشن ایبل گڑیا کو حقیقی دنیا کی متاثر کن خواتین میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کینیڈین شہر وینکور سے تعلق رکھنے والی مصورہ وینڈی تساؤ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بچوں کی گڑیا پر استعمال کرتے ہوئے بریٹز گڑیا کو ایک نیا میک اوور دیا ہے، ان کے اس پراجیکٹ کا نام 'مائٹی ڈول ' ہے۔

وینڈی تساؤ کی ویب سائٹ کے مطابق انھوں نے اس منصوبے کے لیے دنیا کی چند با اثر خواتین کا انتخاب کیا ہے۔ جن میں لڑکیوں کی تعلیم کی سفیر پاکستانی کم عمر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی شامل ہیں۔

امریکی فیش ایبل گڑیا بریٹس ڈول کو اس کے اونچے لمبے قد، جدید طرز کے ملبوسات، بڑی بڑی آنکھوں اور تیز میک اپ کی وجہ سے جانا جاتا ہے لیکن وینڈی تساؤ کا کہنا ہے کہ اب لڑکیاں بریٹس ڈول کو رول ماڈل خواتین کے روپ میں دیکھیں گے ۔

تساؤ نے کہا کہ انھیں آسٹریلوی مصورہ سونیا سنگھ کے پراجیکٹ 'ٹری ہاوس ڈول' نے متاثر کیا تھا، جس میں انھوں نے بریٹز اور دوسری گڑیا کو زیادہ قدرتی دکھانے کے لیے ان کا میک اپ اتار دیا اور اب وہ ان کے کام کو آگے لے جانے کی خواہش رکھتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مجھے ان خواتین نے ذاتی طور پر متاثر کیا ہے، جنھیں میں نے مائٹی ڈول منصوبے میں پیش کیا ہے۔

تساؤ کے مطابق ان خواتین کو نئی نسل کا رول ماڈل ہونا چاہیئے اور کھلونوں کی دوکانوں پر انھیں کم از کم ہالی وڈ اور ڈزنی کی مصنوعات کے ساتھ رکھنا چاہیئے۔

تاہم انھوں نے تسلیم کیا کہ نئی نسل کے لیے بالغ خواتین کے ساتھ لگاؤ محسوس کرنا شاید مشکل ہوتا، اسی لیے انھوں نے بچوں کو ان خواتین کا بچپن دیکھنے کی ترغیب دی ہے۔

''اصل میں ہم بچوں کو دیکھانا چاہتے ہیں کہ یہ قابل ذکر خواتین بھی کبھی بچی تھیں اور سب بچوں میں یہ صلاحیتیں ہوتی ہیں''۔

تساؤ چاہتی ہیں کہ ان کا کام ناصرف بچوں بلکہ بڑوں کو بھی متاثر کرے، جیسا کہ ہم سب ہی اپنی گڑیا کے ساتھ بڑے ہوئے ہیں۔

بقول تساؤ اگرچہ لڑکیوں کا ان گڑیا کے ساتھ بار بی پرنسس ڈول یا بریٹز ڈول جیسا تعلق محسوس کرنا مشکل ہے لیکن، کیا آپ نہیں چاہیں گے کہ آپ کے بچے ملالہ کے ساتھ بڑے ہوں۔

امریکی فیشن ڈول لائن نے بریٹز ڈول کو 2001ء میں متعارف کرایا تھا۔ اس وقت یہ دس ڈول پیش کی گئی تھیں جن کے نام کلوئی، جیڈ، جاسمین، ساشا، جنھیں بار بی کے بعد مارکیٹ میں سب سے زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG