رسائی کے لنکس

آئی پی ایل میں سہیل تنویر کا ریکارڈ 11 سال بعد ٹوٹ گیا


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

انڈین پریمیئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو صرف ایک مرتبہ کھیلنے کا موقع دیا گیا تھا اور اس میں بھی پاکستانی کھلاڑی سہیل تنویر نے ایک ریکارڈ بنا ڈالا تھا جو 11 برس سے کوئی نہیں توڑ سکا تھا۔

مگر ہفتے کو الزری جوزف نے سہیل تنویر کا یہ ریکارڈ توڑ کر 11 سیشنز میں نہ کھیلنے کے باوجود ایک بار پھر پاکستان کو آئی پی ایل کا موضوع بنادیا۔

آئی پی ایل کا بارہواں ایڈیشن ان دنوں بھارت میں جاری ہے۔ اس ایونٹ کا پہلا ایڈیشن 2008ء میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان کے یہ کھلاڑی بھی شریک تھے:

شاہد آفریدی دکن چارجرز، سہیل تنویر راجستھان رائلز، شعیب اختر کولکتہ نائٹ رائیڈرز، شعیب ملک دہلی ڈیئرڈیویلز، محمد حفیظ کولکتہ نائٹ رائیڈرز، سلمان بٹ کولکتہ نائٹ رائیڈرز، محمد آصف دہلی ڈیئرڈیویلز، مصباح الحق رائل چیلنجرز بنگلور، کامران اکمل راجستھان رائلز، یونس خان راجستھان رائلز اور عمر گل کولکتہ نائٹ رائیڈرز۔

پہلے سیزن میں پاکستانی کرکٹرز خاص طور پر سہیل تنویر، شعیب اختر اور عمر گل نے کئی میچز میں شاندار پرفارمنس دی تھی اور اپنی ٹیموں کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

سہیل تنویر نے 11 میچوں میں 22 وکٹیں لے کر ایونٹ کا پہلا پرپل کیپ اپنے نام کیا تھا۔

لیکن ممبئی حملوں کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ ہر قسم کے کھیلوں کے تعلقات معطل کردیے تھے۔ یوں پاکستانی کرکٹرز پر آئی پی ایل کے دروازے بھی بند ہوگئے تھے جو 11 سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باجود آج تک نہیں کھل سکے ہیں۔

یوں آئی پی ایل سے وابستہ پاکستانی کرکٹرز کی یادیں قصہ پارینہ بن کر آہستہ آہستہ ذہن سے محو ہوگئیں۔ لیکن ممبئی انڈینز اور سن رائزرز حیدر آباد کے درمیان کھیلے گئے ایک میچ میں ممبئی انڈینز کے الزری جوزف کی تباہ کن بالنگ نے ایک بار پھر پاکستان کے لیفٹ آرم فاسٹ بالر سہیل تنویر کی یاد تازہ کردی۔

الزری جوزف نے اپنے پہلے ہی میچ میں صرف 12 رنز دے کر حریف ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو شکار کیا جب کہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر سن رائزرز حیدرآباد کے ڈیوڈ وارنر کو اپنے آئی پی ایل کیریئر کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ کردیا۔

الزری کی عمدہ بالنگ کے باعث ممبئی انڈینز نے سن رائزر حیدر آباد کو بآسانی 40رنز سے شکست دی۔

اس سے پہلے آئی پی ایل میں کسی بھی بالر کی سب سے اچھی بالنگ پاکستان کے سہیل تنویر کی تھی جنہوں نے 14 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

آئی پی ایل کے ڈیبیو میچ میں بہترین بالنگ 2017ء میں اینڈریو ٹائی کی تھی جنہوں نے 17 رنز دے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG