رسائی کے لنکس

ایران: امریکی سیاحوں کے مقدمے کی سماعت جلد


ایک اعلی ٰ ایرانی عہدے دار نے کہا ہے کہ جاسوسی کے شبے میں گرفتار کیے جانے والے تین امریکی سیاحوں پر جلد ہی مقدمہ چلایا جاسکتا ہے۔

انسانی حقوق کے لیے ایرانی ہائی کونسل کے سیکرٹری جنرل محمد جاوید لاری جانی کا کہنا ہے کہ ثبوت اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور مقدمے کی سماعت اب زیادہ دور نہیں ہے۔

ایرانی عہدے داروں نے شین بیور، سارا شورڈ اور جوش فیٹل کو 10 ماہ قبل ایران ،عراق سرحد کے قریب گرفتار کیا تھا۔انہیں ایران کی اوین جیل میں قید رکھاگیا ہے۔

ایران نے پچھلے مہینے تینوں سیاحوں کی ماؤں کو ان سے ملاقات کی اجازت دی تھی۔

اس ملاقات کے بعد شین بیور اور سارا شورڈ کی ماؤں نے کہا تھا کہ ان کے بچوں نے بتایا ہے کہ انہوں نے منگنی کرلی ہے اور رہائی ملنے کے بعد ان کاشادی کرنے کا ارادہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہاتھا کہ تیسرا سیاح جوش فیٹل اس شادی میں ان کا شہ بالا بنے گا۔

گرفتار سیاحوں کے خاندان کے افراد کئی باران کی رہائی کی اپیلیں کرتے ہوئے یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ تینوں شمالی عراق کے کردستان علاقے میں ھچ ہائکنگ کے دوران حادثاتی طور ایرانی سرحد میں بھٹک کر داخل ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG