رسائی کے لنکس

ایران پر پابندیاں سے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچے گا: چین


ایران پر پابندیاں سے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچے گا: چین
ایران پر پابندیاں سے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچے گا: چین

چین نے کہا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے ایران پر ممکنہ پابندیوں کے نفاذ سے صورتِ حال پیچیدہ ہو جائے گی اور اس سے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔

جمعرات کے روز فرانس کے دورے کے موقعے پر چین کے وزیرِ خارجہ یانگ جائی چی نے کہا کہ ایران کو دھمکیاں دینے سے مسئلے کے سفارتی حل کی کوششیں متاثر ہوں گی۔

مغربی ممالک ایران کے خلاف پابندیوں کا چوتھے مرحلہ نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کا مقصد ایران کو اس کے ایٹمی پروگرام کے مسئلے پر مذاکرات پر مجبور کرنا ہے۔

عالمی طاقتوں نے ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کی طرف سے اقوامِ متحدہ کی تجویز کے مطابق یورینیم بیرونی ممالک بھیجنے کی پیش کش پر محتاط ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔

امریکی حکام نے کہا ہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ صدر احمدی نژاد کا یہ حالیہ بیان ایران کے یورینیم کی افزودگی کے منصوبے میں تبدیلی کا عکاس ہے یا ایران پر مزید پابندیوں سے بچنے کی کوشش ہے۔

امریکی محکمہٴ خارجہ کے ترجمان پی جے کراؤلی نے کہا ہے کہ سوال یہ ہے کہ آیا ایران جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے کو یہ بتائے گا کہ وہ یورینیم کی افزودگی سے متعلق اس کے منصوبے کو تسلیم کر رہا ہے یا نہیں۔

روس نے کہا ہے کہ وہ ایران کی جانب سے معاہدے پر عمل کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرے گا۔ برطانیہ نے کہا ہے کہ یہ ایران کے لیے ایک مثبت علامت ہو گی۔ جرمنی نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ آئی اے ای اے سے رابطہ کرے اور پیش کش کو قبول کر لے۔

اس معاہدے میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تہران میں ایک جوہری ریسرچ ری ایکٹر کے لیے ایندھن کے بدلے کم تر سطح کی اپنی ستر فیصد یورینیم فرانس اور روس بھیجے۔

ایران یہ کہہ کر اس معاہدے کو قبول کرنے میں تامل کرتا رہا ہے کہ ممکن ہے کہ اسے اس کا تمام یورینیم واپس نہ ملے۔

منگل کے روز احمدی نژاد نے کہا تھا کہ ایران کو اپنی کم تر سطح کی یورینیم افزودگی کے لیے بیرون ملکوں میں بھیجنے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG