رسائی کے لنکس

احمدی نژاد چین کے دورے پر


ایران کی طرف سے حساس جوہری سرگرمیوں میں ملوث ہونے پراقوامِ متحدہ کی نئی تعزیرات کے حق میں چین کے ووٹ کے ایک ہی دِن بعد ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے چین کا دورہ شروع کر دیا ہے۔

2010ء کی عالمی نمائش میں ایران کے قومی دِن کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کے لیے مسٹر احمدی نژاد جمعرات کے روز شنگھائی پہنچے۔ وہ جمعے کو نمائش کا دورہ کریں گے، لیکن اُن کی اعلیٰ چینی عہدے داروں سے ملاقات متوقع نہیں ہے۔

چین، ایران کا ایک کلیدی حلیف ہے اور ایران کی طرف سے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کو جاری رکھنے پر اقوامِ متحدہ کی تعزیرات کے چوتھے مرحلے کی منظوری کے معاملے کی ایک عرصے تک مخالفت کرتا آرہا تھا۔

لیکن، بدھ کےروز نئی تعزیرات کی منظوری پراقوامِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں چین نے روس اور دیگر مسقتل ارکان کا ساتھ دیا۔ چین کی وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو کہا کہ اِس اقدام کا مقصد مزید بات چیت کا راستہ نہ روکتے ہوئے ایران کو مذاکرات کی میز پر واپس لاناہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ اُس کا جوہری پروگرام پُر امن مقاصد کے لیے ہے۔

XS
SM
MD
LG