ایرانی حزب اختلاف کی ایک ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ عہدے داروں نے ملک کی حزب اختلاف کے ایک راہنما، سابق وزیر اعظم میر حسین موسوی کے محافظوں کے سربراہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
ویب سائٹ Kaleme.com میں کہا گیا ہے کہ احمد یزان فر کو پیر کی رات حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
وہ 20 سال سے زیادہ عرصے سے مسٹر موسوی کے محافظوں کے انچارج تھے۔
گذشتہ سال صدر محمود احمدی نژاد کے ازسرنو انتخاب کو حزب اختلاف کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد ہونے والی پکڑ دھکڑ میں مسٹر موسوی کے ساتھیوں اور سیاسی اتحادیوں سمیت سینکڑوں سرگرم کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکاہے۔
ایران کی حزب اختلاف ، مسٹر احمدی نژاد پر یہ الزام لگاتی ہے کہ انہوں نے گذشتہ سال جون کے مہینے میں خود کو دوسری مدت کے لیے صدر منتخب کرانے کی غرض سے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کی تھی۔ حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ اصل فاتح مسٹر موسوی تھے۔